پیر, مئی ۱۲, ۲۰۲۵
13.8 C
Srinagar

بجٹ سال 2025-26لوگوں کی توقعات سے بالاتر ہے: کرن رجیجو

سری نگر:اقلیتی اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے بجٹ سال 2025 – 26 کو تاریخی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ سے مڈل کلاس سے وابستہ لوگوں کو بڑی راحت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ سال 2047 کے وکشٹ بھارت کے لئے ایک بنیاد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ لوگوں کی توقعات سے بالاتر ہے۔
موصوف مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں ‘بجٹ پر چرچا’ کے موضوع پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ہمارے سینئر وزرا خود ریاستوں کے دارلخلافوں اور اہم شہروں میں جا کر میڈیا کے ساتھ بات کر رہے ہیں تاکہ عوام تک بجٹ کی اہم باتوں کو پہنچایا جا سکے’۔ان کا کہنا تھا: ‘بجٹ سال 2025 – 26 کو سال 2047 تک ملک کو وکشٹ بھارت بنانے کی ایک بنیاد ہے اس میں انفراسٹرکچر، مڈل کلاس، کسانوں، خواتین اور بچوں کے لئے خاص طور پر بڑی پیش کش کی گئی ہے’۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ لوگوں کی توقعات سے بالاتر ہے۔
مسٹر رجیجو نے کہا: ‘جب ملک میں سال 2014 میں ہماری سرکار بنی تو سالانہ 2 لاکھ روپیے تک ٹکیس میں چھوٹ تھی ہم نے اس کو بڑھا کر 7 لاکھ روپیے کر دیا’۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں ہم نے اس کو 7 لاکھ سے بڑھا کر 12 لاکھ کر دیا جو اب نہ صرف ملک میں بلکہ دنیا میں بحث کا باعث بن گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب ماہانہ ایک لاکھ روپیہ کمانے والے کو ایک روپیہ بھی ٹیکس نہیں ادا کرنا ہے۔
موصوف مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں سادہ زندگی گذارنے والے لوگوں کو اتنا بڑا ریلیف آج تک کبھی نہیں ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں اس قدر ٹیکس رکھا گیا ہے کہ مڈل کلاس کے لوگ اچھی طرح سے اپنی زندگی گذار سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر خاص طور پر کشمیر میں جو لوگ چھوٹے چھوٹے تجارت کر رہے ہیں جیسے سیب اگاتے ہیں یا دستکار ہیں ان کو بھی بہت بڑی راحت دی گئی ہے۔
اقلیتی امور کے وزیر نے کہا کہ کشمیر کی دستکاریاں جو دنیا بھر میں مشہور ہیں کے لئے ٹیکس میں خاص طور پر ذکر ہے۔انہوں نے کہا: ‘آنے والے دو چار مہینوں میں کشمیر میں ایک میلے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں کشمیری دستکار اپنی چیزوں کی نمائش کرکے ان کو بیچ سکتے ہیں’۔ان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں دستکاریوں کو دنیا بھر میں پہنچانے کے لئے بھی بجٹ میں تذکرہ کیا گیا ہے۔مسٹر رجیجو نے کہا کہ اس بجٹ سے چھوٹی اور متوسط درجے کی صنعتوں میں انقلاب آئے گا جس سے سماج کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جہاں کسانوں کے لئے بڑا اعلان کیا گیا ہے وہیں سکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرانے کے لئے بھی ایک پلان ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img