اتوار, مئی ۱۱, ۲۰۲۵
14.8 C
Srinagar

وقف ترمیمی بل پر این ڈی اے کے کلیدی شراکت دار ہمارے ساتھ ہیں: کرن رجیجو

سری نگر: اقلیتی امور اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے دو اہم شراکت دار نتیش کمار اور این چندرا بابو نائیڈو وقف (ترمیمی) بل پر ہمارے ساتھ متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقف (ترمیمی) بل پر ایک فرضی بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے۔موصوف مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔قابل ذکر ہے کہ وقف (ترمیمی) بل 2024 پر پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی (جے پی سی) کی رپورٹ اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان 13 فروری کو پارلیمنٹ میں پیش کی گئی۔انہوں نے کہا: ‘ جب ہم نے پارلیمنٹ میں وقف (ترمیمی) بل پیش کی تو ہماری نیت بالکل واضح تھی اور ہم نے پارلیمنٹ کو یہ بھی بتایا کہ اس بل کا واحد مقصد ہندوستان میں وقف املاک کی حفاظت کرنا ہے’۔

SRINAGAR, FEB 15 (UNI):- Union Minister of Parliamentary Affairs and Minister of Minority Affairs Kiren Rijiju addressing a press conference in Srinagar on Saturday. UNI PHOTO-17U


ان کا کہنا تھا: ‘اگر کوئی وقف کے پاس کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادیں ہونے کے بوجود بھی بھیک مانگ رہا ہے تو یہ افسوس کی بات ہے، اسی لیے ہم نے وقف بل میں یہ واضح کر دیا ہے کہ مسلمانوں سے جائیداد چھین کر کسی اور کو دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا’۔انہوں نے کہا کہ ملک قانون کے مطابق چل رہا ہے یہاں کوئی کسی کی جائیداد کو نہیں چھین سکتا ہے۔
مسٹر رجیجو نے کہا کہ اس بل سے شفافیت یقینی بن جائے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا: ‘ ہزاروں مسلمان بشمول خواتین مجھ سے اس سلسلے میں ملیں اور انہوں نے اس بل کی سراہنا کی’۔انہوں نے کہا: ‘ بل کے بارے میں بہت پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے یہاں تک کہ حزب اختلاف کے بہت سے مسلم ممبران پارلیمنٹ جو بل کی حمایت کرتے ہیں، پارٹی کی مجبوریوں کی وجہ سے احتجاج کرتے ہیں’۔تاہم مرکزی وزیرنے ان مسلم ارکان پارلیمان کے نام ظاہر کرنے سے انکار کیا جو اس بل کی حمایت کر رہے ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، جو جنتا دل (یونائیٹڈ) جنتا دل (یونین) کے سربراہ ہیں اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرابابو نائیڈو، جو تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سربراہ ہیں، اس بل کی حمایت کرتے ہیں،تو مسٹر رجیجو نے کہا: ‘ سبھی وقف (ترمیمی) بل کے ساتھ ہیں’۔جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کوئی ٹائم لائن دینے سے انکار کیا۔ان کا کہنا تھا: ‘وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس بات کو صاف کیا ہے کہ مناسب وقت پر جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا’۔
اقلیتی امور کے وزیر نے کہا: ‘میں ریاستی درجے کی بحالی کی ٹائم لائن کے لئے کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ میرا کشمیر دورہ محض بجٹ کے لئے ہے’۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر وزیر اعظم نریندر مودی کی فعال و متحرک قیادت میں ہمہ گیر ترقی کرے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img