بدھ, فروری ۱۲, ۲۰۲۵
10.5 C
Srinagar

حکومت نے بغیر لیبل والے مشین سے بنے قالینوں کی فروخت کے خلاف مہم تیز کی

سری نگر/ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم ڈیپارٹمنٹ کشمیر نے خطے کے باہر سے خریداروں اور سیاحوںکی جانب سے مشین سے بنے غیر مقامی قالینوں کو غلط طور پر مستندکشمیری ہاتھ سے بنے قالینوں کے طور پر فروغ کئے جانے کی بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر بے ایمان قالین فروشوں کے خلاف اَپنی کارروائی مزید تیز کردی ہے۔
قالین بیچنے والے کوکوالٹی کنٹرول معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے متعدد جعلی مصنوعات ضبط کی گئیں اور خلاف ورزی کرنے والے ڈیلروںکو سخت وارننگ جاری کی گئیں۔محکمہ کے ایک ترجمان نے آج یہاں جاری ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ کارروائی مقامی اخبارات میں شائع ہونے والی حالیہ رِپورٹوںکے بعد کی گئی ہے جن میں مشین سے تیار کردہ ترکی اور ایرانی قالینوں کی فروخت کوحقیقی کشمیری ہاتھ سے بنے قالینوں کی آڑ میں فروخت کئے جا رہا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا ،” کوالٹی کنٹرول ڈویژن کے اَنفورسمنٹ وِنگ نے سری نگر میں متعدد ہول سیل کارپٹ ڈیلروں کا جامع معائینہ کیا اور یہ عمل جاری رہے گا۔“
ٹیم نے معائینے کے دوران ترکی اور ایرانی قالینوں کا ذخیرہ دریافت کیا جن میںسے بعض بغیر لیبل کے تھے یا جزوی طور پر لیبل شدہ تھے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کے طرز ِعمل صارفین کو مصنوعات کی اصلیت اور نوعیت کے بارے میں گمراہ کرتے ہیں جو منصفانہ تجارتی اَصولوں کی خلاف ورزی کے زُمرے میں آتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹورسٹ ٹریڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے ڈیلروں کو وارننگ جاری کی جائے گی اور مشورہ دیا جائے گا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام مصنوعات کو مقررہ تصریحات کے مطابق صحیح طور پر لیبل کیا جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا،”اِس میں مشین سے تیار کردہ قالینوں اور مستند کشمیر کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے درمیان واضح فرق کو نمایاں کرنا شامل ہے۔“
ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ نے شفافیت کو برقرار رکھنے اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اصلی کشمیری ہاتھ سے بنے قالینوں کی ساکھ کی حفاظت کے لئے جو کہ خطے کے ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے ، باقاعدگی سے معائینہ جاری رہے گا تاکہ قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔
ٍ محکمہ کے ترجمان نے مزید زور دیا کہ کشمیر کی دستکاری صنعت کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لئے محکمہ پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے کہا،” تمام شراکت داروںسے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ صنعت سے متعلقہ قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں ۔کسی بھی قسم کی بے ضابطگیوںیا غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ حقیقی کاریگروں کے مفادات کا تحفظ کیا جاسکے اور کشمیری ور ثے کی اصل شناخت کو برقرار رکھی جاسکے۔“

Popular Categories

spot_imgspot_img