بدھ, فروری ۱۲, ۲۰۲۵
11.7 C
Srinagar

’امن کی نگرانی ناگزیر‘

مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

زیرﺅ ٹالرنس پالیسی پر سختی کیساتھ عمل درآمد کویقینی بنایا جائے:امیت شاہ

 

جے کے این ایس،پی ٹی آئی

سرینگر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جس میں ماضی قریب میں دہشت گردی کے چند واقعات ہوئے ہیں۔ مرکزی وزیرداخلہ کی زیر صدارت میٹنگ میں جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا ،مرکزی داخلہ سیکرٹری گووند موہن،مختلف سیکورٹی اور سراغ رساں ایجنسیوںکے اعلیٰ حکام اور جموں وکشمیر کے اعلیٰ سیول وپولیس حکام بشمول ڈی جی پی نلین بھارت بھی موجودتھے ۔ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں موجود فوج، جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کوجموں وکشمیر میں موجودہ صورتحال اور دہشت گردوں کےخلاف جاری کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔یہ میٹنگ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں ایک دہشت گردانہ حملے میں ایک سابق فوجی کی ہلاکت اور ان کی اہلیہ اور بھتیجی زخمی ہونے کے ایک دن بعد ہوئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تازہ سیکورٹی صورتحال ،دہشت گردانہ سرگرمیوں ،انسداد دہشت گردی اور دراندازی کے بارے میں جانکاری لینے کے بعد وزیرداخلہ امت شاہ نے مجموعی صورتحال پراطمینان کااظہارکیا ۔تاہم انہوںنے سیکورٹی ایجنسیوںکے اعلیٰ حکام کو ہدایت دی کہ دہشت گردی سے متعلق زیرﺅ ٹالرنس پالیسی پر سختی کیساتھ عمل درآمد کویقینی بنایا جائے۔انہوںنے کہاکہ سیکورٹی فورسزکی انتھک کاوشوں اور سریع الحرکت رہنے سے جموں وکشمیرکی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اوراب وہاںمقامی سطح پر دہشت گرد گروپوںمیں بھرتی نہیں ہوتی ہے ۔اسلئے لازم ہے کہ سیکورٹی ایجنسیاں اپنے تسلط اور کنٹرول کو مزید مضبوط بناکر سرحد پار کی سازشوں اور مقامی امن مخالف سرگرمیوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت متحرک اور چوکنا رہیں ۔انہوںنے مختلف سیکورٹی ایجنسیوںکے مابین باہمی تال میل اوررابطہ کاری کو اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرکے لوگ امن کے طرفدار ہیں اور اب اسبات کی ضرورت ہے کہ ملک اورامن دشمن قوتوںکو دوبارہ منظم یا متحرک ہوکر عوام کو گمراہ کرنے کاکوئی موقعہ فراہم نہ کیاجائے ۔انہوںنے مزید کہاکہ جموں وکشمیرنے حالیہ برسوںمیں امن وسکون کے ماحول میں ترقی کے منازل طے کئے ہیں اور مرکزی حکومت نے تعمیر وترقی کو جاری رکھنے کا تہیہ کیاہواہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم مودی جی کی قیادت میں ہم اُن کی پالیسی پرعمل پیرا ہوئے اورہم نے جموں وکشمیرمیں دہشت گردی کو شکست دیکر ایک نیا باب رقم کیاہے ۔19 دسمبر 2024 کو آخری جائزہ میٹنگ کے دوران، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے مربوط انداز میں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔حکومت نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات، دراندازی اور دہشت گرد تنظیموں میں نوجوانوں کی بھرتی میں نمایاں کمی آئی ہے۔سیکورٹی فورسز نے گزشتہ ہفتے جموں و کشمیر میں ایک بڑے آپریشن کا آغاز کیا، زیادہ تر لائن آف کنٹرول کے ساتھ اونچی رسائی اور جنگلاتی علاقوں میں، دہشت گردوں کو تلاش کرنے اور انہیں ختم کرنے کے لیے جنہوں نے گزشتہ سال مختلف اضلاع میں متعدد حملے کیے تھے۔ریاسی، ڈوڈہ، کشتواڑ، کٹھوعہ، جموں اور راجوری جیسے علاقوں میں پچھلے دو سالوں میں دہشت گردی کی سرگرمیاں بڑھی ہیں۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img