سری نگر:نجی ہسپتال کے ڈاکٹر کی مبینہ لاپرواہی کے نتیجے میں دوشیزہ کی ہلاکت کے خلاف خواتین نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر دھرنا دیا اور مطالبہ کیا کہ ملوث ڈاکٹر کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے ۔اطلاعات کے مطابق پیر کے روز خواتین کی ایک بڑی تعداد نے جموں وکشمیر کے وزیرا علیٰ عمر عبداللہ کی سرکاری رہائش گاہ واقع سری نگر کے باہر دھرنا دیا اور ڈاکٹر کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔
مظاہرین نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ پلوامہ کے ایک نجی ہسپتال میں صبورہ نامی دوشیزہ ڈاکٹروں کی لاپرواہی کے نتیجے میں جاں بحق ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ صبورہ کا پوسٹ مارٹم بھی کیا گیا لیکن ابھی تک وہ رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی۔
ان کے مطابق لاپرواہی برتنے والے نجی ہسپتال کے ڈاکٹر کو فوری طورپر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جانا چاہئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آج ہم وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے گھر کے باہر دھرنا دینے کی خاطر پہنچے ہیں تاکہ اس معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی جائے۔
