سری نگر/ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کشمیر نے ملک اور بیرون ملک مارکیٹوں میں اَپنے قدم جمانے کے مقصد سے آج کرافٹ سیکٹر سے وابستہ شراکت داروں پرزور دیا کہ وہ اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی) کے ڈیزائن سٹوڈیو میں بنائے گئے نئے اور معاصر ڈیزائنوں تک رَسائی حاصل کریں۔ہاتھ سے بنی ہوئی قالینوں کے علاوہ ڈیزائن سٹوڈیو کانی اور سوزنی کڑھائی والی پشمینہ شالوں اور سٹولو ں کے لئے بھی نئے ڈیزائن پیش کر رہا ہے جو بین الاقوامی مارکیٹ میں خریداروں کی مانگ کے مطابق ہیں۔ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی زُبیر احمد نے آج یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اِنسٹی چیوٹ میں ڈیزائن سٹوڈیو جدید ترین سافٹ ویئر اور ماہر ڈیزائنروں سے لیس ہے تاکہ نئے اور معاصر ڈیزائن تیار کئے جاسکیں اور عالمی سطح پر موجودہ مانگ کو پورا کیا جاسکے۔
ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی نے متعلقہ شراکت داروں کو مشورہ دیا کہ،” وہ نوشہرہ میں آئی آئی سی ٹی کے احاطے کا دورہ کریں۔ حال ہی میں، ہم نے مختلف کاروباری گھرانوں کو نئی کانی شال اور قالین ڈیزائن فروخت کئے ہیں جو یقینا بیرون ملک مارکیٹ میں ان کی مصنوعات کو فروخت کو فروغ دیں گے ۔“
زُبیر نے مزید بتایا کہ آئی آئی سی ٹی کی جانب سے اَب تک 2,687 قالین اور 473 کانی شال ڈیزائن تیار کئے جا چکے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا، ”ان میں سے زیادہ تر ڈیزائن دستکاری کے شراکت داروں کو کمپیوٹرائزڈ ڈیزائن سکرپٹ کی شکل میں فراہم کئے گئے ہیں، جسے مقامی طور پر” تعلیم “کے نام سے جانا جاتا ہے۔
