پیر, دسمبر ۲۹, ۲۰۲۵
11.6 C
Srinagar

سال 2025: اودھم پور پولیس نے 28 این ڈی پی ایس مقدمات میں 21 کروڑ روپیوں کی جائیدادیں ضبط کیں

جموں: منشیات اسمگلنگ کے خلاف جنگ کو تواتر کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے سال 2025 کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف درج این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 28 مقدمات میں تقریباً 21 کروڑ روپیے مالیت کی منشیات سے حاصل شدہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اودھم پور پولیس نےسال 2025 کے دوران جموں وکشمیر میں سرگرم سخت گیر منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 28 مقدمات میں تقریباً 21 کروڑ روپیے مالیت کی منشیات سے حاصل شدہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضبط سدہ جائیدادوں میں 21 رہائشی مکانات بمعہ اراضی، 2 دکانیں، 1 فلیٹ، 47 گاڑیاں اور 4 سیونگ بینک کھاتے شامل ہیں جن کی نشاندہی منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ اثاثوں کے طور پر کی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلسل اور جامع تلاشی کے دوران تفتیشی افسران نے یہ ثابت کیا کہ یہ تمام اثاثے غیر قانونی منشیات کے کاروبار سے حاصل کئے گئے تھے جس کے بعد این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 (ایف) کے تحت انہیں ضبط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے منشیات اسمگلروں کے مالی نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ سال رواں کے دوران سب سے بڑی ضبطی 4 کروڑ روپیوں کی رہی جس میں بدنام زمانہ منشیات سرغنہ مجید علی ساکن نگروٹہ جموں کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن مجالتا میں درج ایف آئی آر نمبر 89 اور 90/2025 کے تحت عمل میں لائی گئی جو منظم منشیات نیٹ ورک کے لئے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوئی۔


ان کا کہنا ہے کہ زیرو ٹالیرنس کی پالیسی کو مزید مضبوط کرتے ہوئے اودھم پور پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر چننی کے نارسو علاقے میں بدنام زمانہ منشیات فروش مکھن دین کی کروڑوں روپیے مالیت کی غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ جائیدادوں کو منہدم کر دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ سال 2025 میں فیصلہ کن اقدامات کے ذریعے اودھم پور پولیس نے ریکارڈ جائیداد ضبطیوں کے ساتھ منشیات کے نیٹ ورکس کی کمر توڑ دی۔انہوں نے کہا کہ آنے والے برس میں ان کارروائیوں کو مزید سخت کر دیا جائے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img