اسپیکر نے قانون سازوں کو قواعد و ضوابط کی مکمل معلومات کے ساتھ ایوان کی کارروائی میںحصہ لینے کی تلقین کی
نیوزڈیسک
جموں اسپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے جموں و کشمیر اسمبلی کے نو منتخب اراکین اسمبلی کیلئے اسمبلی کمپلیکس جموں میں منعقدہ تین روزہ اورنٹیشن پروگرام کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کو ایوان کے قواعد و ضوابط کی مکمل معلومات کے ساتھ ایوان کی کارروائی میں سرگرمی سے حصہ لینا چاہئیے ۔ سپیکر نے شرکت کرنے والے تمام ممبران خاص طور پر نو منتخب ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی شرکت کو یقینی بنایا اور ریسورس پرسنز کو تحمل سے سُنا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اورنٹیشن پروگرام نو منتخب ممبران کو ہاوس کے طریقہ کار اور کارروائی کے اصولوں کو گہرائی سے سمجھنے میں مدد فراہم کرے گا ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ چوکس مقننہ ہے جو ایگزیکٹو کو اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کا جوابدہ بنا سکتی ہے ۔ سپیکر نے نو منتخب ارکان پر زور دیا کہ وہ ایوان میں باوقار طریقے سے پیش آئیں اور پارلیمانی جمہوریت کی حقیقی روح کے ساتھ عمل کریں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب اراکین اسمبلی میں اپنے موثر کردار کو یقینی بنانے کیلئے مذکورہ تربیتی پروگرام سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ سپیکر نے ایسے اورنٹیشن پروگرام کے انعقاد پر ایم پیز اور پی آر آئی ڈی ای ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ اس سے قبل سابق وزیر مملکت ڈاکٹر ستیہ پال سنگھ نے پارلیمانی مراعات ، رسم و رواج ، کنونشن اور آداب پر لیکچر دیا ۔بعد ازاں اسپیکر نے ایم پیز اور پی آر آئی ڈی ای ٹیم کو مبارکباد دی ۔ ڈائریکٹر پی آر آئی ڈی ای نے مقررین کو یادگاری تحفے پیش کئے ۔