ہفتہ, دسمبر ۲۷, ۲۰۲۵
10 C
Srinagar

مویشی فراڈ معاملے میں ملزم کے خلاف چارج شیٹ داخل: سی بی کے

سری نگر: کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے لاکھوں روپیے کے ایک مویشی فراڈ معاملے میں شمالی کشمیر کے قصبہ اوڑی سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ نے رنبیر پینل کوڈ (آر پی سی) کے دفعات 420،467،468 اور 471 کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر 17/2023 میں منیر احمد کٹاریہ ولد نور الدین کٹاریہ ساکن اوڑی سلام آباد حال شترلو روہامہ ضلع بارہمولہ نامی ایک ملزم کے خلاف معزز عدالت چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیس ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا جس میں مویشیوں کی خرید و فروخت کے سلسلے میں بھاری رقم کی دھوکہ دہی اور خرد برد کا الزام لگایا گیا۔ شکایت کنندہ کے مطابق اس کو سرکاری ایس ٹی کوٹہ اسکیم کے تحت ادائیگی کی یقین دہانی پر گائیں اور بھیڑیں فراہم کرنے پر آمادہ کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد اس کیس کی تفصیلی تحقیقات شروع کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ شکایت کنندہ، جو مویشیوں اور بھیڑ بکریوں کی خرید و فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے، نے لاکھوں روپیے مالیت کی گائیں اور بھیڑیں فراہم کیں۔ ابتدا میں اعتماد حاصل کرنے کے لئے جزوی ادائیگیاں کی گئیں لیکن بعد میں ملزم کی جانب سے 30 لاکھ روپیوں کے متعدد چیک جاری کئے گئے جو بینک کھاتے ہیں ناکافی بیلنس ہونے کی وجہ سے بائونس ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ بار بار یقین دہانیوں کے باوجود بقایا رقم ادا نہیں کی گئی جس سے شکایت کنندہ کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ترجمان نے بتایا کہ مزید تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ملزم نے ایک منصوبہ بند طریقہ اختیار کرتے ہوئے گمراہ کن معاہدے کئے اور سرکاری فلاحی اسکیم کے تحت خریداری کے جھوٹے بہانے سے جعلی اور ڈس آنر شدہ چیک جاری کئے جس کے نتیجے میں شکایت کنندہ کو نقصان پہنچا اور ملزم نے خود کو ناجائز فائدہ پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ جمع شدہ شواہد کی بنیاد پر ملزم کے خلاف جرائم مکمل طور پر ثابت ہوئے ہیں اور اس کے بعد چارج شیٹ با قاعدہ طور پر با اختیار عدالت میں عدالتی کارروائی کے لئے پیش کر دی گئی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img