سری نگر: شوپیاں پولیس نے امن و سلامتی کو بر قرار رکھنے کے لئے کوششوں کو تواتر کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے تین ملی ٹنٹ معاونین (او جی ڈبلیوز) کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لیا ہے اور ان کو سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں منتقل کیا گیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شوپیاں پولیس نے پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت تین او جی ڈبلیوز کو حراست میں لیا ہے۔انہوں نے حراست میں لئے گئے افراد کی شناخت اویس احمد لون ساکن سیڈو شوپیاں، معشوق احمد شاہ ساکن شاہ لاتو شوپیاں اور سبزار احمد گنائی ساکن چھولان شوپیاں کے طور پر کی۔
بیان میں کہا گیا کہ زیر حراست افراد بار بار ریاست کی سلامتی کے لئے نقصان دہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے اور ان کے خلاف بھارتیہ ناگرک سرکشا سنتہا (بی این ایس ایس) کی دفعات 126/170 کے تحت احتیاطی کارروائیاں اور قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئی تھیں تاہم اس کے باوجود بھی یہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہے جس سے ضلع میں امن و امان اور سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں میں مسلسل ملوث رہنے کے پیش نظر تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ضلع مجسٹریٹ شوپیاں سے حراستی احکامات حاصل کئے گئےاور اس کے بعد زیر حراست افراد کو تحویل میں لے کر سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں پولیس امن و امان اور سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کیسلامتی کے خلاف عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں مسلسل جاری رکھی جائیں گی۔




