پیر, جنوری ۲۰, ۲۰۲۵
10.1 C
Srinagar

ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے صنعت گھر میں قائم ہونے والے رِی ہیبلٹیشن اینڈ کونسلنگ سینٹر کی پیش رفت کا جائزہ لیا

سینٹرمیں اوپی ڈی کی سہولیت کو جلد فعال کرنے کی ہدایت

سری نگر/ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے صنعت نگر میں منشیات کے اِستعمال سے متاثرہ نوجوانوں کے لئے قائم ہونے والے رِی ہیبلٹیشن اینڈ کونسلنگ سینٹر کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے آج یہاں سینئر ہیلتھ اَفسروںاور دیگر شراکت داروںکے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کے شروعات میں سینٹر کو مکمل طور پر فعال بنانے کی سمت میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔اِس موقعہ پرڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے اِس بات پر زور دیا کہ رِی ہیبلٹیشن اینڈ کونسلنگ سینٹر کا مقصدمنشیات کے اِستعمال سے متاثرہ نوجوانوں کو بحالی کی جامع خدمات فراہم کرنا اور اُنہیں معاشرے میں دوبارہ انضمام میں سہولیت فراہم کرنا ہے۔اُنہوں نے مطلوبہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر، محکمہ صحت اور آئی ایم ایچ اے این ایس کے ساتھ مل کر سینٹر کے مناسب اِستعمال کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ سینٹرمیں او پی ڈی کی سہولیت کو جلد از جلد فعال کرنے کے لئے ضروری اَقدامات کریں تاکہ منشیات کے اِستعمال کے متاثرین کے لئے فوری بحالی اور مشاورت کی خدمات کو ممکن بنایا جاسکے۔مزید برآں، ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اَفرادی قوت اور پیرا میڈیکل سٹاف، سیکورٹی اور صفائی ستھرائی، بیس لائن انویسٹی گیشن لیبارٹریوں اور دیگر ضروری سامان سمیت ضروریات کی ایک تفصیلی فہرست پیش کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ سینٹرجلد از جلد فعال ہوجائے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ صنعت نگر میں منشیات کے اِستعمال کے متاثرین کے لئے بحالی اور مشاورت کی سہولیت ایس ایم ایچ ایس ہسپتال ، آئی ایم ایچ اے این ایس اور ایس کے آئی ایم ایس ہسپتال بمنہ میں دستیاب سہولیات کے علاوہ ہے تاکہ منشیات کے اِستعمال کے متاثرین کے لئے بحالی اور مشاورت کی خدمات فراہم کی جاسکیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیّد احمد کٹاریہ ، چیف پلاننگ آفیسر، ڈِسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر، چیف ایجوکیشن آفیسر، اِنچارج ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر جی ایم سی اور محکمہ صحت کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img