جموں: جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ کے گھگوال علاقے میں بین الاقوامی سر حد پر بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف) جوانوں نے ہفتے کی صبح ایک مشتبہ پاکستانی ڈورن پر گولیاں چلا کر اس کو واپس جانے پر مجبور کر دیا۔
حکیام نے بتایا کہ بی ایس ایف کے جوانوں نے ہفتے کی صبح بین الاقوامی سرحد پر چلیاری پوسٹ کے نزدیک مشکوک نقل و حمل دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ ہوا میں اڑنے والی اس شئی کو ہندوستانی حدود میں داخل ہوتے ہی جوانوں نے اس پر کچھ گولیاں چلائیں جس کے بعد وہ چیز واپس پاکستان کی طرف چلی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد بی ایس ایف نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کہیں اس مشتبہ ڈرون نے علاقے میں کچھ چھوڑا نہ ہو۔
حکام نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے تاہم فی الوقت کوئی مشکوک شئی بر آمد نہیں ہوئی ہے۔




