جموں:منشیات کے خلاف سخت کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے ایک بین ریاستی منشیات فروش کی تقریباً 30 لاکھ روپیے مالیت کی جائیداد ضبط کر دی۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اودھم پور پولیس نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک منشیات کی فروش کی تقریباً 30 لاکھ روپیے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔
منشیات فروش کی شناخت ثناء اللہ میر ولد غلام محمد ساکن سنگرور، پنجاب کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ جائیداد ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبرPB13AR -5475 ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن اودھم پور میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 – ایف کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر125/2020 کے سلسلے میں انجام دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ ٹرک غیر قانونی کاروبار سے حاصل کی گئی رقم سے خریدا گیا تھا اور یہ جرم سے حاصل شدہ آمدنی کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تفصیلی مالی جانچ اور بیک ورڈ لنک تجزیے سے اس امر کی تصدیق ہوئی کہ ملزم نے یہ گاڑی منشیات کی غیر قانونی تجارت سے کمائی گئی رقم سے حاصل کی۔
بیان میں کہا گیا کہ ان شواہد کی بنیاد پر تفتیشی افسر نے جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کیا تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے ساتھ اودھم پور پولیس کی جانب سے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کی گئی جائیداد کی مجموعی مالیت تقریباً 1.40 کروڑ روپیے تک پہنچ گئی۔





