سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 10 فروری تک بھاری برف باری یا بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 31 جنوری کی شام کو کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یکم فروری کو بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ اس دوران کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بعد میں 2 اور 3 فروری کو بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کچھ کئی مقامات پر ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 4 سے 6 فروری کی شام تک موسم جزوی ابرآلود مگر خشک رہ سکتا ہے جبکہ 7 فروری کو کچھ مقامات پر ایک بر پھر ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 8 سے 10 فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 10 فروری تک بھاری باری یا بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دریں اثنا وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت معمول سے 0 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں سخت سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں اختتام پذیر ہوا اور 20 دنوں کو محیط چلہ کورد شروع ہوا۔ گرچہ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف ہوسکتی ہے تاہم سردیوں کا زور بتدریج کم ہوتا ہے۔





