اتوار, جنوری ۱۹, ۲۰۲۵
9.6 C
Srinagar

سکینہ ایتو کا سی ڈی ہسپتال کا دورہ، علاج و معالجہ کی سہولیات اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ

جی بی پنت ہسپتال کا بھی معائینہ کیا، بے کار پڑی عمارت میں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے قیام کی یقین دہانی کرائی

سرینگر// شعبہ صحت کو پٹری پر لانے کیلئے حکومت کی کوششیں جاری رکھتے ہوئے صحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتونے آج ایم ایل اے لالچوک احسان پردیسی کے ہمراہ قدیم سی ڈی ہسپتال اور جی پی پنت ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ اس دوران مریضوں کی دیکھ بھال کی سہولیات اور اہم ادویات کی دستیابی کا جائزہ اور ہسپتال انتظامیہ کو ضروریات ہدایات دیں۔ دورے کے دوران انہوں نے وہاں بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کے ساتھ ساتھ طبی و نیم طبی عملے کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔انہوں نے سی ڈی ہسپتال میں زیر تعمیر کاموں کا بھی جائزہ لیا اور حکام کو سارے کام مقررہ وقت کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے وہاں موجود مریضوں کیساتھ بھی بات کی ۔ مریضوں نے انہیں مختلف نوعیت کے مسائل سے آگہی دلائی، جو انہوں نے موقعے پر ہی متعلقہ حکام کیساتھ اٹھائے اور ان کا سدباب کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال حکام کو ہدایت دی کہ مریضوں کیلئے تمام ادویات اور ضروری طبی ساز و سامان میسر رکھا جائے کیونکہ واحد امراضِ چھاتی کے ہسپتال ہونے کی وجہ سے یہاں کافی دباﺅ ہوتا ہے۔ سکینہ ایتو نے احسان پردیسی کے ہمراہ جی بی پنتھ ہسپتال کا بھی دورہ کیا ۔ احسان پردیسی نے وزیر موصوفہ کو بتایا کہ اگرچہ یہاں سی ڈی ہسپتال کی طرف سے ایک ڈاکٹر میسر رکھا گیا ہے تاہم یہ ہسپتال فعال نہیں ہوسکا ہے اور بچوں کا ہسپتال بمنہ منتقل ہونے کے بعد سے ہسپتال عمارت بے کار پڑی ہے۔ انہوں نے وزیر موصوفہ سے کہا کہ لوگوں کی دیرینہ مانگ ہے کہ اس ہسپتال کو ایک کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کا درجہ دیا جائے تاکہ یہاں بچوں کے ڈاکٹروں کے علاوہ زچگی اور دیگر امراض کیلئے بھی او پی ڈی خدمات دستیاب رہ سکیں۔ اس ہسپتال کو ایک جنرل ہیلتھ سینٹر کے قیام سے ایک بہت بڑی آبادی کو فائدہ پہنچے گا اور بڑے ہسپتالوں پر دباﺅ بھی کم ہوگا۔ وزیر صحت سکینہ ایتو نے احسان پردیسی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس ہسپتال ایک کمیونٹی ہیلتھ سینٹر بنانے کی سمت میں کام کریں گی تاکہ لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں ایک جنرل ہسپتال کے قیام سے نہ صرف پائین شہر بلکہ جنوبی کشمیر کے مریضوں کو بھی علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم ہونگی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img