سری نگر: ضلعی ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کا کہنا ہے کہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی خاطر ضلعی ایمرجنسی سینٹر چوبیس گھنٹے لوگوں کی خدمت کے لئے میسر ہے۔
انہوں نے کہاکہ سری نگر کی سبھی اہم شاہراوں پر برف ہٹایا گیا اب لینز اور بائی لینز سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ سری نگر کی اہم شاہراوں سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا گیا اور اب لینز اور بائی لینز سے برف صاف کرنا باقی ہے۔
ان کے مطابق سری نگر میں 1632کلومیٹر روڈ کو کلیئر کردیا گیا ہے ، آر اینڈ بی کے تحت 350کلومیٹر اور میونسپل کارپوریشن کے تحت 15سو کلومیٹر روڈ سے برف ہٹانے کام شدومد سے جاری ہے۔
ضلعی ترقیاتی کمشنر کے مطابق سری نگر کی لینز اور بائی لینز پر بھی برف ہٹانے کے سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے۔
بجلی کے بارے میں ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سری نگر میں 297فیڈرز کو بحال کیا گیا صرف ایک رسیونگ اسٹیشن متاثر ہے اور اس کو بھی جلد چالو کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سری نگر میں برقی رو کو پوری طرح سے بحال کردیا گیا ۔
ان کے مطابق محکمہ فوڈ کے پاس اس وقت پچاس ہزار کوئنٹل چاول، ایل پی جی اکیس دن کاجبکہ پیٹرل اور ڈیزل بھی وافر مقدار میں موجود ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے بارے میں ضلعی ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ کچھ علاقوں میں مسئلہ ہے جہاں پر ٹینکرز پہنچائے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سری نگر میں سبھی محکموں نے کنٹرول روم قائم کیا ہے اور وہاں سے عام شہریوں کی فون کالیں بھی موصول ہو رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ صوبائی کمشنر کے دفتر میں ایمرجنسی سینٹر بھی چوبیس گھنٹے لوگوں کی خدمت کے لئے میسر ہے۔