جموں:فوج کے سینئر آفیسر نے ہفتے کے روز کہاکہ جموں خطے میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی خاطر فوج نے آپریشنل تیاریوں کو وسیع کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پر امن ماحول کو یقینی بنانے کی خاطر فوج اور مقامی لوگوں کے درمیان قریبی تال میل ناگزیر ہے۔ان باتوں کا اظہار کور کمانڈر نے راجوری میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں صوبے میں فوج نے اپنی آپریشنل تیاریوں کو مزید وسیع کیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
وائٹ نائٹ کارپس کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نوین سچدیوا نے کہاکہ جموں خطے کے بالائی علاقوں میں فوج کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس سے قبل فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل افیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے راجوری سیکٹر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں تازہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جی او سی نے تمام رینکوں کو انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران پیشہ ورانہ مہارت اور چوکسی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی تاکید کی۔