سری نگر:قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتے کے روز ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی کے کیس میں حزب المجاہدین سے منسلک دو ملزمان کے خلاف عدالت مجاز میں چارج شیٹ داخل کیا ہے۔
این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی جموں کی خصوصی عدالت میں وحید الظہور اور مبشر مقبول میر کے خلاف چارج شیٹ پیش کی گئی ۔
انہوں نے کہاکہ دونوں پاکستانی ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے۔
موصوف ترجمان کے مطابق 30جون 2024کو سیکورٹی فورسز نے شمالی ضلع بارہ مولہ کے مچی پورہ رفیع آباد میں ناکہ لگایا جس دوران سلامتی عملے نے گاڑی کے ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم اس نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی ۔
انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ڈرائیور کو دھر دبوچا اور بعدازاں تلاشی کے دوران گاڑی سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
این آئی اے کے مطابق گرفتار ڈرائیور سے پوچھ تاچھ کے بعد منکشف ہوا کہ وہ حزب کے ساتھ وابستہ ہے اور وہ معاون کے طورپر اپنی خدمات انجام دے رہا تھا۔
ان کے مطابق وحید کے رہائشی مکان واقع مجہ گنڈ سری نگر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران مزید قابل اعتراض مواد برآمد ہوا ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیقات کے دوران مبشر مقبول میر نامی شخص کی بھی اس کیس میں سازشی عناصر کے طورپر شناخت ہوئی اور بعد میں اس کی بھی گرفتار ی عمل میں لائی گئی ۔
ترجمان کے مطابق تفتیش کے دوران مزید انکشاف ہوا کہ مبشر ملزم کو مالی مدد بھی فراہم کرتا تھا۔