نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے انڈیا گروپ کے لیڈروں کی بات چیت کے بعد بھی اپوزیشن اراکین نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مکر دوار میں زبردست مظاہرہ کیا۔
پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے عین قبل اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے مکر دوار کے باہر مظاہرہ کیا اور حکومت سے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں عوامی مسائل پر بحث کرے اور من مانی طریقے سے نہیں بلکہ سب کی رضامندی سے پارلیمنٹ چلانے کا کام کرے۔
اس سے پہلے انڈیا گروپ کے لیڈروں نے ‘مودی اڈانی ایک ہے’ کے بینر کے ساتھ مظاہرہ کیا اور بہت سے ممبران ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر اس میں شامل ہوئے۔ اس مظاہرے میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ حال ہی میں منتخب ہونے والی وائناڈ کی ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی اراکین موجود تھے۔
قبل ازیں، انڈیا گروپ کے ارکان نے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کے چیمبر میں میٹنگ کی اور پارلیمنٹ میں حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔