کہا، حکومت لوگوں کوعوامی خدمات کی تیز تر اور پریشانی کے بغیر فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے پُر عزم ہے
جموں/نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے چیف اِنجینئرپی ڈبلیو ڈی( آر اینڈ بی) جموں کے دفتر اور گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر کا اچانک معائینہ کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے وہاں موجود عملے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لوگوں کو عوامی خدمات کی تیز تر اور پریشانی کے بغیر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگوں کو اِن کے لئے دِی گئی سہولیات سے اِستفادہ کرتے ہوئے کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صحت سے متعلق پالیسیوں کے فوائد اُنہیںبغیر کسی رُکاوٹ کے فراہم کئے جائیں۔
بعد ازاں، متعدد وفود سول سیکرٹریٹ میں نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوئے اور اُنہیں اَپنے مسائل سے آگاہ کیا۔سیکرٹریٹ ملازمین کے ایک وفد نے خدمات سے متعلق متعدد مسائل اُٹھائے اور ان کے اَزالے کا مطالبہ کیا۔ پی ایم پیکیج کے اُمیدواروں کی ڈیپوٹیشن نے زُمرہ کی اَسامیوں کی ڈِی ریزرویشن کے مسئلے کو اُجاگر کیا۔اِسی طرح رام بن، راجوری، ڈوڈہ اور کٹھوعہ کے وفود نے اَپنے اَپنے علاقوں کی ترقی سے متعلق مسائل کو پیش کئے۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ اُن کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل کو بروقت اور مناسب حل کے لئے دیکھا جائے گا۔