سری نگر:وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو کا کہنا ہے کہ ایمز کی تعمیر کا کام اگلے سال مکمل ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ پروجیکٹ کے اہم حصوں پر کام جاری ہے اور اگلے سال کام مکمل ہونے کے بعد لوگوں کو جدید طبی سہولیات میسر ہوگی۔
ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے پلوامہ دورے کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ سرکار لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہی ہے ۔
وزیر صحت نے کہاکہ طبی شعبے میں بہت زیادہ خامیاں پائی جارہی ہیں جنہیں دور کرنے کی خاطر سرکار کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئے گی۔سکینہ ایتو کا مزید کہنا تھا کہ ایمز لوگوں کی فلاح و بہبود اور ڈاکٹروں کی تعلیم کے لئے اہم پروجیکٹ ہے اور اس اہم طبی شعبے پر کام آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایمز کے اہم حصوں پر کام جاری ہے اور اگلے سال اس عمارت پر کام مکمل ہوگا۔واضح رہے کہ وادی کشمیر کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ سوشل میڈیا پر آئے روز ویڈیوز وائرل ہو رہے ہیں جس سے یہاں کے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی عیاں ہو رہی ہے۔موجودہ سرکار نے یقین دلایا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائے گی تاہم عوامی حلقوں نے سرکار کو مشورہ دیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں تعینات میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کو جوابدہ بنایا جائے۔عوامی حلقوں کے مطابق جوابدہی کے فقدان کی وجہ سے ہی سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم نہیں ہو پا رہی ہے۔ادھرسرکاری ترجمان کے مطابق وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ مسعود نے آل اِنڈیا اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( اے آئی آئی ایم ایس )اونتی پورہ پروجیکٹ پر جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے آج ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ اُنہوں نے منصوبے کے تمام جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں اور ایجنسیوں کے ساتھ اس باوقار منصوبے کے متعدد پہلوو¿ں پر باریک بینی سے غور و خوض کیا۔ اُنہوں نے طبعی و مالی پیش رفت ، ایمز کو پانی کی فراہمی ، اپروچ روڈ کی تعمیر اور دیگر متعلقہ سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔
میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایمز، ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ، اَنجینئر ان چیف آر اینڈ بی، ڈائریکٹرفائنانس صحت و طبی تعلیم، چیف انجینئر سی پی ڈبلیو ڈی، پی ڈِی ڈِی کے چیف اِنجینئروں، جے ایس ڈی، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ اَفسروں نے شرکت کی۔سکینہ مسعود نے اَفسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کو اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے وقف ہے۔ اُنہوںنے کہا،” صحت شعبہ ہماری حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور ہم جموں و کشمیر میں عالمی معیار کے صحت بنیادی ڈھانچے کے قیام کے لئے پُرعزم ہیں۔“اُنہوں نے اِس بات پر زور دیاکہ ایمز اونتی پورہ وادی¿ کشمیر اور آس پاس کے علاقوں میں بہترین طبی خدمات کو یقینی بنانے میں اہم رول اَدا کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایمز اَونتی پورہ یہاں کے لوگوں کے لئے اُمید کی کرن بنے گا بالخصوص دُور دراز علاقوں کے لوگوں کے لئے جنہیں طویل عرصے سے معیاری صحت خدمات تک رسائی میں چیلنجوں کا سامنا ہے۔وزیرموصوفہ نے مرکزی ہسپتال کی عمارت اور متعلقہ ڈھانچے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ کو ماہانہ جائزہ میٹنگ منعقد کرنے اور ماہانہ پیش رفت رِپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے پروجیکٹ عمل آوری ایجنسی کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے اَفراد اور مشینری کو متحرک کریں۔ اُنہوں نے ان سے اَفرادی قوت میں اضافہ کرنے کو کہا تاکہ منصوبے پر کام میں تیزی لائی جاسکے۔اُنہوں نے اُنہیں سرمائی مہینوں میں بھی پروجیکٹ کے مختلف بلاکوں کے اندرونی کام جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔
وزیر سکینہ مسعود نے پروجیکٹ کے دیگر پہلوو¿ں کا جائزہ لیتے ہوئے ٹیوب ویلوں اوربور ویلوں پر کام مکمل کرنے اور مارچ 2025 ءتک ان کے احسن طریقے سے کام کرنے پر زور دیا تاکہ ہسپتال کی عمارت اور دیگربلاکوں کو بغیر کسی رُکاوٹ کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے کام کے معیار اور عملدرآمد میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور ڈیڈ لائن کی تعمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ مرکزی عمارت کی جلد تعمیر کو ترجیح دیں۔ اُنہوں نے کہاکہ کام کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ اِدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ اِس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مل کر کام کریں۔اُنہوں نے کہا کہ ایمز اونتی پورہ کا قیام خطے کی صحت سہولیات کی ترقی میں ایک سنگ میل ہے کیوں کہ اس سے یہاں عالمی معیار کی طبی نگہداشت تک رَسائی میں بہتری آئے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ، ریسرچ میں اِضافہ ہوگا اور جموں و کشمیر کے صحت سہولیات کے ماحولیاتی نظام کو بلند کیا جائے گا۔اِس سے قبل چیف اِنجینئر سی پی ڈبلیو ڈی نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے وزیر موصوفہ کو منصوبے کی موجودہ صورتحال اور پروجیکٹ سے متعلق مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔