تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہم آہنگی کیساتھ مصروف عمل
سری نگر: 16اکتوبر2024کو وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کی سربراہی میں منتخب حکومت تشکیل پانے کے بعد سری نگر ،شمالی اور جنوبی کشمیرمیں ملی ٹنسی کے کچھ واقعات پیش آنے کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کردیاگیا ۔اس دوران آئی جی سی آر پی ایف نے بدھ کے روزکہا کہ کشمیر کی صورتحال قابو میں ہے، اورتمام سیکورٹی ایجنسیاں ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق سی آر پی ایف کے ااعلیٰ افسر نے کہا کہ کشمیر میں حالات قابو میں ہیں کیونکہ تمام سیکورٹی ایجنسیاں آپس میں مل کر کام کر رہی ہیں۔20سے28 نومبر تک منعقد ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ’ سی آر پی ایف کپ سری نگر سیکٹر ‘کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کرنے کے دوران نسپکٹر جنرل سی آر پی ایف (سری نگر سیکٹر) پی کے شرما نے کہا کہ اس کا مقصد کشمیر کے نوجوانوں کےساتھ زیادہ سے زیادہ رابطہ قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ (کشمیر میں) حالات قابو میں ہیں، تمام فورسز مل کر کام کر رہی ہیں۔سی آر پی ایف آئی جی نے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں سی آر پی ایف کپ سری نگر سیکٹر، ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ16 ٹیمیں کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں ،جن میں 12سری نگر ضلع سے، اور 2ٹیمیں بڈگام اور گاندربل اضلاع سے ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ سی آر پی ایف افسر نے کہا کہ اگلے ماہ فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔