نیوزڈیسک
سری نگر: محکمہ تعلیم نے کم عمرطلبہ کی ڈرائیونگ اور بڑھتے حادثات کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منگل کو نابالغ طلباءکے دوپہیہ اور چار پہیہ گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد کردی اور تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دو پہیہ یا چار پہیوں سمیت کسی بھی موٹر گاڑی کو چلاتے ہوئے طلبہ کواحاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر نے ایک حکمنا مہ (آرڈر) میںیہ بھی کہا کہ ان طلباءکے والدین کو اس کے مطابق مطلع کیا جانا چاہیے۔آرڈر کے مطابق ”یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ طالب علموں میں کم عمری میں ہی گاڑی چلانے کے رجحانمیں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں سڑک کے المناک حادثات رونما ہوتے ہیں اور عوامی تحفظ کو خطرہ لاحق ہوگیاہے۔“
محکمہ تعلیمنے تمام اسکولوں بشمول پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں اور کوچنگ سینٹرز سے کہا کہ وہ کڑی نگرانی رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی طالب علم (نابالغ) کو دو پہیہ یا چار پہیہ سمیت کوئی بھی موٹر گاڑی چلاتے ہوئے ادارے کے احاطے میںآنے کی اجازت نہ ہو۔
حکمنا مے میں بتایا گیا ہے کہ ”کسی بھی قسم کی موٹر گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے اسکولوں یا کوچنگ سینٹرز میں آنے والے طلباءکو کسی بھی حالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے اور ان کے والدین کو اس کے مطابق مطلع کیا جانا چاہیے۔ والدین اور سرپرستوں کو اس ہدایت اور تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے ان کی ذمہ داری کے بارے میں آگاہ کیا جانا چاہیے۔“