صدف شبیر ،فہیم متو
سرینگر : ٹینگ پورہ بائی پاس سرینگر میں گزشتہ دنوں پیش آئے دلخراش حادثے میں دو کم عمر نوجوانوں کی موت نے پوری وادی کو دہلا دیا ہے ۔جہاں اس واقعہ پر عام شہری افسوس کا اظہار کررہے ہیں ،وہیں وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اس واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف ٹریفک پولیس کی مہم
سری نگر کے ٹینگ پورہ میں پیش آئے سڑک حادثے کے بعد شہر بھر میںکم عمر ڈرائیوروں کے خلاف ٹریفک پولیس نے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی جس کے تحت موٹر سائیکلز ،سکوٹیز اور گاڑیوں کو ضبط کیا جارہا ہے ۔ جبکہ کم عمر ڈرائیوروں اور والدین کی کونسلنگ بھی شروع کردی گئی ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس کی جانب سے” خصوصی ناکہ پوائنٹس“ قائم کئے گئے ہیں، جہاں پر کم عمر ڈرائیوروں کی جانب سے چلا ئے جارہے موٹر سائیکل اورا سکوٹیز کو ضبط کیا جا رہے۔
ٹریفک قوانین وضوابط کی پاسداری کو یقینی بنانے کی خاطر محکمہ ٹریفک حرکت میں آگیا ہے اور گذشتہ روز سے شہر کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں موٹر سائیکل اور سکوٹیز کو تحویل میں لیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے تئیں اب کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
ٹینگ پورہ سرینگرمیں دو طالب علموں کی موت کے بعد جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹریفک محکمہ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ہدایات کے تحت ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لئے اب سری نگر میں بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے اور کرتب بازی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف نہ صرف چالان کاٹے جائیں گے بلکہ لائسنس منسوخی کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ اُن موٹر سائیکل ،سکوٹیز ،فور ویلرز اور تھری ویلر ز کو ضبط کیا جارہا ہے ،جنہیں کم عمر ڈرائیور چلا رہے ہیں ۔
بچوں کیساتھ ساتھ اب والدین کی کونسلنگ کا عمل بڑے پیمانے پر شروع ہوگیا ،جو اپنے کم عمر بچوں کو کسی بھی طرح کی گاڑی چلانے کی اجازت دے رہے ہیں ۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ کم عمری میں ڈرائیونگ کرنا قانوناً جرم ہے ۔
سری نگر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جو سکوٹیز اور موٹر سائیکلوں کے کاغذات باریک بینی سے چیک کررہے ہیں۔اس کے علاوہ نجی گاڑیوں اور ای۔رکشاﺅں کے خلاف بھی یہ کارروائی عمل میںلائی جارہی ہے ،کیوں کہ کم عمر نوجوان ای ۔رکشا چلا رہے ہیں ،جس کی وجہ سے حادثات رونما ہونے کا اندیشہ ہمہ وقت لاحق رہتا ہے ۔
ٹینگ پورہ سانحہ : ایک دوسرے پر سبقت لینے کے دوران حادثہ پیش آیا:حکام
سری نگر کے ٹینگ پورہ میں پیش آئے المناک سڑک حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ دو گاڑیوں کے درمیان ریسکے نتیجے میں دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا جس دوران دو طلاب اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سری نگر کے ٹینگ پورہ میں جمعرات کی سہ پہر پیش آئے سڑک حادثے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
حادثے میں محفوظ رہنے والی دوسری تھار گاڑی کا پہلے ہی چار مرتبہ چالان کاٹا گیا ہے جبکہ اس کے مالک کو دوبار کونسلنگ کے لئے طلب کیا گیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں رواں سال کے ستمبر مہینے تک 4ہزار 457ٹریفک حادثات رونما ہوئے جس دوران 621افراد ہلاک جبکہ چھ ہزار 122افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مئی 2024میں 597ٹریفک حادثات میں 98افراد اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے۔ امسال جنوری سے لے کر ستمبر تک روزانہ 16ٹریفک حادثات میں تین افراد ہلاک اور 30کے قریب زخمی ہوئے۔صوبہ کشمیر میں اس مدت کے دوران 1722سڑک حادثات میں 240افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ سری نگر میں نو ماہ کے دوران 362حادثات میں 36ہلاکتیں رونما ہوئیں۔
ریجنل ٹرانسپورٹ افسر کشمیر کی ٹریفک پولیس سے گزارش
ریجنل ٹرانسپورٹ افسر سید شاہنواز بخاری نے جمعہ کو کہا تھا کہ وہ پولیس کو لکھ کر درخواست کریں گے کہ غفلت برتنے پر والدین کے خلاف دفعہ199(اے) کے تحت کارروائی کی جائے ۔ٹریفک قانون کے مطابق کم عمر ڈرائیونگ کی پاداش میں اب والدین کو 3سال کی جیل اور25ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ۔انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیونگ ایک سماجی مسئلہ ہے ،جس کے لئے اجتماعی ذمہ داری کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی تعزیت
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر کے ٹینگہ پورہ بائی پاس پر جمعرات کی شام پیش آنے والے سڑک حادثے پر افسوس کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے دو نوجواںوں کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا انہوں نے کہا: ‘ہماری کاریں تیز ہوتی جاتی ہیں، ہماری سڑکیں بہتر ہوتی جاتی ہیں لیکن ہماری "روڈ سینس” میں بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے جمعہ کو اپنے آفیشل ‘ایکس’ اکاﺅنٹ پر اس حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو شیئر کرتے ہوئے کہا: ‘یہ دل توڑنے والے مناظر ہیں، اس حادثے سے دو قیمتی جانوں کا زیاں ہوا اور ان کے خاندانوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے’۔انہوں نے کہا: ‘میرا دل اس درد ناک حاثے میں جاں بحق ہونے والے دو لڑکوں کے اہلخانہ کے ساتھ ہے، اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں جگہ دے’۔
عمر عبداللہ نے اپنے پوسٹ میں کہا: ‘ہماری کاریں تیز ہوتی جاتی ہیں، ہماری سڑکیں بہتر ہوتی جاتی ہیں لیکن ہماری "روڈ سینس” میں بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آتے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین وضع کرنے کا ایک مقصد ہے ان سے ہم محفوظ رہتے ہیں بشرطیکہ ہم ان پر عمل کریں۔
انتظامیہ ٹریفک حادثات پر قابو پانے میں ناکام ثابت :میر واعظ
میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے کشمیر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھاکہ انتظامیہ حادثات پر قابو پانے میں مکمل طورپر ناکام ثابت ہو چکی ہے۔مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو گاڑیاں خصوصاً موٹر سائیکلیں فراہم کرنے میں احتیاط سے کام لیں کیونکہ یہ بچے عموماً بہت تیز رفتارسے گاڑی چلا کر نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانیں بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
میرواعظ نے انتظامیہ پر شدید تنقید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئے روز ریاست میں ہو رہے ٹریفک حادثات کو روکنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے خصوصاً نوجوان لڑکے جو بغیر ہیلمٹ کے تیز رفتاری کے ساتھ موٹر سائیکلیں چلا رہے ہوتے ہیں اور اکثر و بیشتر اس کے نتیجے میں یہ لوگ زخمی بھی ہو رہے ہیں اور کبھی کبھار جان لیوا حادثات بھی رونماہو رہے ہیں۔میرواعظ نے انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ ان سڑک ٹریفک حادثات کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں اور روڑ سیفٹی مہم کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدام اٹھائے۔