سری نگر: منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم میں جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے نوسی پورہ کیگام علاقے میں چھاپے کے دوران ایک گائو خانے سے بھاری مقدار میں بھنگ اور چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے اور ملزم کی بر سر موقع ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن شوپیاں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر 31/2026 درج کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد پولیس پوسٹ کیگام کی ایک ٹیم نے ایگزیکیٹو مجسٹریٹ کے ہمراہ نوسی پورہ کیگام کے رہائشی عبدالحمید ٹھوکر کے گائو خانے پر چھاپہ مارا۔
ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران گائو خانے سے 1.010 کلو بھنگ اور 470 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جبکہ ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شوپیاں پولیس منشیات کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔





