اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ
میکسیکو کے میجر جنرل رامون گارڈاڈو سانچیزنئے سربراہ مقرر
سری نگر: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے میکسیکو کے میجر جنرل رامون گارڈاڈو سانچیز کو کشمیر میں اقوام متحدہ کے مبصر ادارے کا سربراہ مقرر کیا ہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے بدھ کو کہاکہ میکسیکو کے میجر جنرل رامون گارڈاڈو سانچیز ، ارجنٹائن کے ریئر ایڈمرل گلومیرﺅ ریوس کی جگہ مشن کے سربراہ اور اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اور پاکستان (UNMOGIP) کے چیف ملٹری آبزرور کے طور پر کام کریں گے۔سلامتی کونسل نے1949 میں UNMOGIP کو ہندوستان اور پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے کمیشن کے طور پر تشکیل دیا تھا تاکہ لائن آف کنٹرول پر دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کی نگرانی کی جا سکے۔اس کا عملہ110 پر مشتمل ہے – جن میں سے44 تقریباً 10 ممالک کے فوجی اہلکار ہیں – اور اس کا ہیڈ کوارٹر گرم مہینوں میں سری نگر اور سرد موسم میں اسلام آباد کے درمیان تبدیل ہوتا ہے۔اگرچہ ہندوستان سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے مطابق UNMOGIP کو ملک میں کام کرنے کی اجازت دیتا ہے، لیکن اس کا موقف ہے کہ یہ آپریشن بے کار ہے کیونکہ وزیر اعظم اندرا گاندھی اور پاکستان کے اس وقت کے صدر ذوالفقار علی بھٹو کے درمیان ۱۹۷۲ کے شملہ معاہدے کے تحت تنازعہ کشمیر دو طرفہ ہے ،اوراس میں تیسرے فریق یا فریق ثالث کے لیے کوئی کردار نہیں۔2014 میں، ہندوستان نے UNMOGIP کو اس سرکاری عمارت سے باہر کرنے کا حکم دیا جو اسے قرضے پر دی گئی تھی اور اسے تجارتی طور پر لیز پر دی گئی سہولت میں منتقل کر دیا گیا تھا۔