کہا، بچے ہماری قوم کا مستقبل ہیں ، مثبت اور صحتمند معاشرے کی تشکیل کیلئے ان کی ذہنی تندرستی بہت ضروری ہے
سری نگر/وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود، سکولی تعلیم اوراعلیٰ تعلیم سکینہ مسعوداِیتو نے آج شیر کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں” چائلڈ مینٹل اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ“ کے موضوع پر ایک روزہ کانفرنس کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ، ہیڈ چائلڈ گائیڈنس اینڈ ویل بینگ سینٹر (سی جی ڈبلیو سی)۔آئی ایم ایچ اے این ایس، سپیشل چائلڈ پروٹیکشنسٹ یونیسف، ایڈمنسٹریٹر ایسوسی ایٹیڈ ہاسپٹل سری نگر، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال، مختلف سپیشلٹیز کے سربراہان، طلبا¿ اور ملک بھر سے بڑی تعداد میں محققین بھی موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے اَپنے اِفتتاحی خطاب کہا کہ یہ مسئلہ بہت اہم ہے کیوں کہ بچے ہمارے معاشرے کا بہت اہم حصہ ہیں۔اُنہوں نے کہا، ”بچے ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور ایک مثبت اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے ان کی ذہنی تندرستی بہت اہم ہے۔“ایک حالیہ مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ ہر پانچ میں سے ایک بچہ اضطراب، پریشانی اور ڈپریشن کا شکار ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ان مسائل کو نہ صرف ہیلتھ کیئر اور تھراپی کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے بلکہ ایسے ماحول کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جو جذباتی نشوونما کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی سطح کی مداخلتوں سے بچوں میں مشکلات سے نمٹنے میں مدد مل کرتے ہیں۔اُنہوں نے جموں و کشمیر میں بچوں کی ذہنی صحت کی خدمات کے لئے مضبوط فریم ورک تیار کرنے کے لئے سرکاری اِداروں ، تعلیمی اِداروں اور ذہنی صحت کی آرگنائزیشنوںکے مابین تعاون کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا،”یہ مسئلہ ہمارے معاشرے کے لئے بہت اہم ہے اور اَساتذہ ، ڈاکٹروں ، پیرامیڈیکس ، این جی اوز اور سرکاری محکموں سے لے کر ہر ایک کو اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے اپنا رول اَدا کرنا ہے۔“سکینہ مسعود اِیتو نے کہا کہ ہماری حکومت دُور دراز علاقوں سے ہیلتھ کیئر نظام کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب جدید طبی سہولیات میسر ہوں۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِس کانفرنس کا مقصد اور نصب العین بہت بڑا ہے کیوں کہ ہم ذہنی صحت کے مسائل سے متاثرہ اَپنے بچوں کا مستقبل لکھ رہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے مسائل سے نمٹنے کے لئے تمام محکموں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے منتظمین پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے طول و عرض میں ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کریں اور اس میں ضروری شراکت داروں کو شامل کریں تاکہ بچوں کو کم عمری سے ہی ناکامیوں سے نکال کر مضبوط بنایا جاسکے۔ڈاکٹر عابدرشید نے کہاکہ اِس کانفرنس کے مباحثوں کو کچھ قابل عمل نکات میںبدلنا چاہئے تاکہ ہمارا محکمہ اس اہم مسئلے سے نمٹنے کے لئے مطلوبہ پالیسی مرتب کرسکے۔ سی جی ڈبلیو سی ۔آئی ایم ایچ اے این ایس کے سربراہ ڈاکٹر زید وانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینٹرکے کام کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔ اُنہوں نے اس اہم مسئلے سے نمٹنے کے لئے آئی ایم ایچ اے این ایس کے ذریعے منعقد بیداری پروگراموں کے بارے میں بتایا۔اِس موقعہ پر یونیسف کے سپیشل چائلڈ پروٹیکشنسٹ وِجے لکشمی اروڑہ اور آئی ایم ایچ اے این ایس کے سربراہ ڈاکٹر محمد مقبول نے بھی خطاب کیا۔ واضح رہے کہ ایک روزہ کانفرنس میں مختلف موضوعات پر پینل مباحثوں اور پرزنٹیشنوں کا سلسلہ شامل تھے۔