اَفسروں کو عقیدتمندوں کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
سری نگر/صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے آج شری گورو نانک دیو جی کے جنم دِن کی تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقدکی۔میٹنگ میںضلع ترقیاتی کمشنروں، سول اِنتظامیہ اور پولیس حکام کے علاوہ ایس ایم سی، کے پی ڈی سی ایل، پی ایچ ای، پی ڈبلیو ڈی، ٹریفک، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے نمائندوں اور صدرگوردوارہ پربندھک کمیٹی سری نگر نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ صوبائی کمشنر نے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ سری نگر اور اور دیگر اَضلاع کے گوردواروں میں بجلی کی مسلسل فراہمی اور صفائی ستھرائی جیسی ضروری خدمات کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ اُن کے دائرہ اِختیار میں موجود گوردواروں میں شری گورو نانک جی کے جنم دن کو منانے میں عقیدتمندوں کی مدد کے لئے تمام ضروری سہولیات دستیاب ہوں۔واضح رہے کہ بنیادی تقریب چھٹی پادشاہی رعناواری سری نگر میں منعقد ہوگی ۔ اِس موقعہ پرصوبائی کمشنر نے متعلقہ اَفسروں کو چھٹی پادشاہی رعناواری سری نگر کے قریب پارکنگ کی خاطر خواہ سہولیات کا انتظام کرنے کی ہدایت دی ۔