بدھ, دسمبر ۲۴, ۲۰۲۵
11.5 C
Srinagar

کشمیر میں برفباری کے بعد سیاحتی بکنگ میں نمایاں اضافہ

سری نگر: وادی کشمیر میں موسمِ سرما کی پہلی باقاعدہ برفباری کے بعد سیاحتی شعبے میں غیر معمولی گہما گہمی لوٹ آئی ہے، اور ٹور آپریٹرز کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں سیاحوں کی جانب سے بکنگ اور معلوماتی پوچھ گچھ میں نمایاں اضافہ درج کیا گیا ہے۔

گلمرگ، پہلگام اور سونمرگ سمیت دیگر پہاڑی مقامات نئی برف کی سفید چادر اوڑھ کر دلکش سرمائی مناظر کا روپ دھار چکے ہیں، جس نے نہ صرف مقامی کاروبار کو نئی رفتار بخشی ہے بلکہ ملک بھر سے سیاحوں کی دلچسپی بھی ایک بار پھر وادی کی طرف بڑھا دی ہے۔

ٹور آپریٹروں کے مطابق برفباری ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ صرف ایک دن میں کالز دوگنی ہو گئی ہیں۔ لگ رہا ہے کہ اس بار سرمائی سیزن بہت بہتر جائے گا۔

انہوں نے کہا، ’لوگ برف دیکھنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔ جیسے ہی برف گری، ہمارے کاؤنٹرز پر دوبارہ لائنیں لگنے لگیں۔ کئی فیملیز اور گروپس موقع پر ہی پیکیجز فائنل کر رہے ہیں۔‘

دہلی سے تعلق رکھنے والی سیاح اننیا ورما نے گفتگو کے دوران برف کا اپنا پہلا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا، ’یہاں کا منظر ایسا لگتا ہے جیسے کسی فلم کا سین ہو۔ برف بہترین ہے، ہر کوئی بہت پُرجوش ہے۔ ہم نے فوراً ہی رائیڈز بک کیں۔ یہ لمحے کبھی نہیں بھولیں گے۔‘

سیاحتی ماہرین کا ماننا ہے کہ وادیٔ کشمیر کا سرمائی سیزن پوری معیشت پر اثر انداز ہوتا ہے، خصوصاً گلمرگ کی اسکی انڈسٹری، ہوٹل انڈسٹری اور ٹور آپریٹرز کی آمدنی کا براہِ راست تعلق برفباری سے ہے۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img