جمعہ, دسمبر ۶, ۲۰۲۴
1.6 C
Srinagar

68 ویں نیشنل سکول گیمز: وزیر کھیل نے جموں میں اوپن فینسنگ چمپئن شپ کا اِفتتاح کیا

کہا، حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ اَفزائی کرے گی

جموں/وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے آج جموں یونیورسٹی میں اَنڈر 14 عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے فینسنگ چمپئن شپ کا اِفتتاح کیا۔یہ باوقار ایونٹ سکول گیمز فیڈریشن آف انڈیا کے زیراہتمام اور جموںوکشمیر کے محکمہ امور نوجوان و کھیل کود کی جانب سے منعقد کیا جارہا ہے جس میں ملک بھر سے ہونہار کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔وزیر نے اَپنے خطاب میں کھیلوں کے حقیقی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا اور اِس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ کسی فرد یا گروہ کو کھیلوں پر سیاست کرنے کی اِجازت نہیں دی جائے گی۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ صرف مستحق کھلاڑیوں کو سپورٹ کیاجائے گا اور جنہوں نے کھیلوں کے اِداروں کو ذاتی فائدے کے لئے غلط اِستعمال کیا ہے اُنہیں باہر جانے کا راستہ دِکھایا جائے گا۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ نیشنل سکول گیمز سکول کے کھلاڑیوں کے لئے اَپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے اور قومی سطح پر مقابلہ کرنے کے لئے ملک کے سب سے اہم پلیٹ فارموں میں سے ایک ہے ۔ اُنہوں نے کہا، ”یہ کھیل نوجوان کھلاڑیوں کو مقصد حاصل کرنے، نظم و ضبط پیدا کرنے اور مسابقتی جذبے کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔“وزیر ستیش شرما نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کے مختلف شعبوں میں منعقد ہونے والے کھیل نوجوانوں کو صحت مند اور فعال طرز ِزندگی اَپنانے کی ترغیب دیتے ہیں جبکہ ان کی شخصیت کی مجموعی ترقی میںحصہ اَدا کرتے ہیں۔اُنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی غیر مشروط سپورٹ اور حوصلہ افزائی کے لئے والدین، کوچوں اور سپورٹس ٹیچرز کا شکریہ ادا کیا جو اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست میں نوجوان ٹیلنٹ اور کھیلوں کے مضبوط بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کی خواہاں ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلی عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرے گی جس سے اُنہیں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مدد ملے گی۔


وزیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ وزیر اعظم ، لیفٹیننٹ گورنر اور وزارتِ کھیل کے تعاون سے جموں و کشمیر میں تمام جدید ترین سہولیات سے ترقی یافتہ کھیلوں کے کلچر کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ستیش شرما نے کھیلوں کے وسیع تر فوائد پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اَچھے اَفراد کی تشکیل ، نوجوانوں کو مصروف رکھنے اور انہیں زیادہ موبائل کے اِستعمال اور بیٹھے رہنے والے طرز ِزندگی کے منفی اثرات سے دور رکھنے کے لئے ضروری ہے۔ اُنہوں نے اعتراف کیا کہ محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود نے قابل ستائش پیش رفت کی ہے لیکن جموں و کشمیر میں کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری اَمورِ نوجوان وکھیل کود سرمد حفیظ نے خطاب کرتے ہوئے ووشو میں 68 ویں نیشنل سکول گیمز کی کامیاب تکمیل پر ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس جموں و کشمیر کو مُبارک باد دی اور اِس یقین کا اِظہار کیا کہ بقیہ تین قومی چمپئن شپ بھی کامیابی سے منعقد کی جائیں گی۔اُنہوں نے ریاست کے کھیلوں کے صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور قیادت ، نظم و ضبط اور استقامت کی اقدار کو فروغ دینے میں امور نوجوان و کھیل کود محکمہ کے اہم رول پر زور دیا۔اِفتتاحی تقریب کا آغاز ڈائریکٹر جنرل امورِ نوجوان و کھیل کود راجندر سنگھ تارا کے اِستقبالیہ خطبہ سے ہوا۔ اُنہوں نے اِس طرح کی تقریبات نہ صرف کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے بلکہ بچوں کے مابین ثقافتی تبادلے ، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے بارے میں بھی بات کی ۔ اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر جموں، ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹرل وائی ایس اینڈ ایس اور ڈائریکٹر جموں سپورٹس یونیورسٹی بھی موجود تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img