بدھ, دسمبر ۲۴, ۲۰۲۵
11.5 C
Srinagar

ہندوستان کا ’بلو برڈ بلاک-2 سیٹلائٹ خلا میں چھوڑنے کا مشن مکمل،انڈیا خلائی دنیا کی بلندیاں مسلسل چھو رہا ہے: نریندر مودی

یو این آئی ،مانیٹرنگ ڈیسک

سری ہری کوٹا (آندھرا پردیش)،:ہندوستان کا بھاری بھرکم راکٹ ایل وی ایم 3 ایم 6 (جسے ’باہوبلی‘ کا نام دیا گیا ہے) امریکہ واقع اے ایس ٹی موبائل اسپیس کے جدید مواصلاتی سیٹلائٹ بلو برڈ-6 کے ساتھ آج صبح شار رینج سے روانہ ہوا۔

چوبیس گھنٹے کی کامیاب الٹی گنتی کے بعد، مقامی طور پر تیار اس راکٹ نے دوسرے لانچ پیڈ سے مقررہ وقت 08:54 بجے شاندار انداز میں پرواز کی۔
مقررہ وقت سے 15 منٹ قبل خودکار لانچ سیکوئنس شروع ہونے کے بعد، راکٹ نے عین وقت پر نارنجی دھوئیں کے غبار کے ساتھ پرواز کی، جس سے زمین لرز اٹھی۔

اسرو نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’لفٹ آف #ایل وی ایم 3 ایم 6 نے ایس ڈی ایس سی-ایس ایچ اے آر سے بلو برڈ بلاک-2 خلائی جہاز کو کامیابی سے لانچ کیا۔‘‘

تقریباً 16 منٹ کی پرواز کے بعد یہ سیٹلائٹ، جو این آئی ایس اے آر سیٹلائٹ کے بعد امریکہ کا دوسرا مشن ہے، 520 ڈگری کےسرکلر لو ارتھ آربٹ میں قائم ہو جائے گا۔
یہ اب تک ہندوستانی سرزمین سے لانچ کیا جانے والا سب سے وزنی سیٹلائٹ ہے۔مشن کنٹرول سینٹر میں اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر وی نارائنن سمیت کئی سائنسدان، سابق چیئرمین، اور اے ایس ٹی اسپیس موبائل کے افسران و سائنسدان پرواز کے راستے کو تجسس سے دیکھ رہے تھے۔

ہندوستان خلائی دنیا کی بلندیاں مسلسل چھو رہا ہے: نریندر مودی

 وزیر اعظم نریندر مودی  نے اس تجربے کو خلائی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایل وی ایم تھری لانچ نے امریکی خلائی جہاز بلو برڈ بلاک-2 کو اس کے مقررہ مدار میں پہنچایا، یہ انڈیا کی سرزمین سے اب تک چھوڑا گیا سب سے بھاری سیٹلائٹ ہے جو ہمارے خلائی سفر میں ایک فخر کا سنگِ میل ہے۔‘

نریندر مودی کے مطابق ’ یہ تجربہ انڈیا کی ہیوی لفٹ لانچ صلاحیت کو مزید مضبوط کرتا ہے اور عالمی کمرشل لانچ مارکیٹ میں ہمارے بڑھتے ہوئے کردار کو تقویت دیتا ہے۔ ہمارے محنتی خلائی سائنسدانوں اور انجینئروں کے باعث انڈیا خلائی دنیا کی مسلسل بلندیاں چھو رہا ہے۔‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پراپنی ایک اور پوسٹ میں ملک کے خلائی پروگرام کی استعداد سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا کے نوجوانوں کی طاقت سے تقویت پانے والا خلائی پروگرام (اسرو) انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ جدید اور مؤثر ہوتا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں نریندر مودی نے لکھا کہ لاؤنچ وہیکل مارک تھری کی جانب سے بھاری وزن اٹھانے کی قابلِ اعتماد صلاحیت کے مظاہرے مستقبل کے مشنز کے لیے مضبوط بنیادیں استوار کر رہے ہیں۔

نریندر مودی کے مطابق ’صلاحیت میں یہ اضافہ اور خود انحصاری کو ملنے والا یہ فروغ آنے والی نسلوں کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔‘

انڈیا کے خلائی ادارے اسرو کے مطابق یہ مشن ایل وی ایم تھری کی چھٹی آپریشنل فلائٹ ہے۔ ایل وی ایم تھری جسے گگن یان کے لیے مخصوص لانچ وہیکل بھی کہا جاتا ہے، اسرو کا سب سے طاقتور راکٹ ہے اور وہ ان مشنز میں اہم کردار ادا کرتا ہے جنھیں زیادہ پے لوڈ صلاحیت درکار ہوتی ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img