دمشق/یروشلم،: اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب کے علاقوں کو فضائی حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
شامی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ "اسرائیلی دشمن نے شام کو دمشق کے جنوب میں کئی شہری مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے شامی گولان کی سمت سے فضائی حملہ کیا، جس سے مادی نقصان ہوا۔ نقصان کی حد کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔
دریں اثنا، اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے شام میں حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال ہونے والی ایک سائٹ پر حملہ کیا، جس کا مقصد "حزب اللہ کی انٹیلی جنس صلاحیتوں کو کمزور کرنا” تھا۔ فوج نے کہا کہ جس کیمپس پر حملہ کیاگیا، مبینہ طورپر اس کا استعمال حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر کی ایک شاخ کے طور پر کیاجاتا تھا، "حزب اللہ کے انٹیلی جنس سربراہ کی براہ راست کمانڈ کے تحت ایک آزاد انٹیلی جنس اکٹھا کرنے، رابطہ کاری اور تشخیص کے نیٹ ورک کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔”
برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ان حملوں میں دمشق کے دیہی علاقوں کے جنوب اور جنوب مشرق میں سیدہ زینب میں واقع کھیتوں پر تین الگ الگ حملے شامل تھے۔ یہ حملہ شام میں حزب اللہ کے انٹیلی جنس اثاثوں کو نشانہ بنانے، لبنان میں حزب اللہ سائٹوں اور کارندوں کے خلاف ایک وسیع اسرائیلی مہم کے بعد ہوا ہے۔
یواین آئی