جمعہ, مئی ۱۶, ۲۰۲۵
14 C
Srinagar

پاکستان کو دوستی کی قدر نہیں ہے: رویندر رینہ

سری نگر: بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہے لیکن پاکستان کو دوستی کی قدر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سمجھتا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بندوق سے ڈرائے گا تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کیا جہاں وہ گلمرگ حملے میں جاں بحق ہونے والے فوجی جوان قیصر احمد شاہ کے گھر تعزیت کے لئے گئے تھے۔
انہوں نے کہا: ’ہندوستان کے دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، آنجہانی واجپائی جی بس میں بیٹھ کر پاکستان گئے، نریندر مودی جی جب پہلی بار وزیر اعظم بنے تو انہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم کو اپنی حلف برداری تقریب میں بلایا‘۔
ان کا کہنا تھا: ’ہندوستان اپنے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہے لیکن پاکستان کو دوستی کی قدر نہیں ہے، ان کو امن کی قدر نہیں ہے اگر پاکستان سمجھتا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بندوق سے ڈرائے گا تو یہ اس کی غلط فہمی ہے‘۔
مسٹر رینہ نے کہا کہ جموں وکشمیر نے ہمیشہ ملک کا جھنڈا بلند رکھا ہے۔
انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر میں یہ خون کا کھیل بند کیا جانا چاہئے یہ کسی کے حق میں نہیں ہے‘۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ’وزیر اعظم نریندر مودی، روس کے صدر ولاڈیمیر پوٹن اور چین کے وزیر اعظم لی چیانگ کی روس میں ملاقات ہوئی ہے اس میں جو اقدام اٹھائے گئے ہیں ان کے نتیجے میں چین سرحد پر دونوں ممالک کے درمیان کچھ مدعوں پر اتفاق ہوا ہے‘۔

یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img