بدھ, دسمبر ۴, ۲۰۲۴
2.9 C
Srinagar

جموں وکشمیر کے 14 صحافیوں پر مشتمل گروپ کا دورہ تلنگانہ

رشید راہل

ایڈیشنل ڈا ئریکٹرشریمتی شروتی پاٹل سے ملاقات


حیدرآباد/سرینگر:پریس انفارمیشن بیورو(پی آئی بی )سرینگر اور پی آئی بی تلنگانہ کے باہمی اشتراک سے جموں و کشمیر کے 14صحافیوں پر مشتمل ایک گروپ 20اکتوبر کو سرینگر سے حیدرآباد تلنگانہ روانہ ہوا تھا ، جہاں اس گروپ کو مختلف سرکاری مراکز اور تاریخی مقامات کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔پی آئی بی سرینگر کے ڈپٹی ڈا ئریکٹر طارق احمد راتھراور میر رفاز کی قیادت میں یہ گروپ پی آئی بی آفس حیدرآباد کے خصوصی دورے پر گیا، جہاں گروپ کا والہانہ استقبال کیا گیا اور تلنگانہ پی آئی بی کی ایڈیشنل ڈا ئریکٹرشریمتی شروتی پاٹل نے گروپ میں شامل صحافیوں کو چار دن کے قیام سے متعلق پروگرام کی تفصیلات سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے نو زائد ریاست تلنگانہ کی زبان ،ثقافت،تہذیب و تمدن اور تعمیر و ترقی کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی۔
انڈین نیشنل سینٹر فار اوشین انفارمیشن سروسز کا دورہ


صحافیوں کا گروپ بعد میں”INCOIS“(انڈین نیشنل سینٹر فار اوشین انفارمیشن سروسز)گیا، جہاں ملک کے اعلیٰ پایہ سائنسدانوں نے اس اہم معلوماتی ادارے کے بارے میں گروپ میں شامل صحافیوں کو جانکاری فراہم کی ۔ملک کا یہ تحقیقاتی ادارہ ملک کے سمندری ساحلوں پر آباد ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو سونامی،زلزلہ اور دیگر سمندری ہلچل سے متعلق قبل از وقت اطلاعات فراہم کرتا ہے، تاکہ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں یہاں کم سے کم جانی و مالی نقصان ہوسکے ۔ جانکاری کے مطابق اس اہم تحقیقاتی ادارے کا رابط دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ رہتا ہے۔
تلنگانہ کے گورنر جشنو دیو ورما سے ملاقات


گروپ میں شامل صحافیوں نے تلنگانہ کے گورنر جشنو دیو ورما سے ملاقات کی اور یہاں کی حکومت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے پی آئی بی کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے وفود کا ایکدوسرے کے تبادلے سے نہ صرف ملک میں رہنے والے لوگوں کی تہذیب و تمدن سے آگاہی ملتی ہے، بلکہ ملک میں ہو رہی تعمیر وترقی سے بھی عام لوگوں کو جانکاری ملتی ہے۔انہوں نے وزیر اعظم شری نریندرا مودی کی جانب سے مختلف مرکزی اسکیموں کا ذکر بھی کیا جن سے ملک کے کروڑوں لوگوں کو فائدہ مل رہا ہے۔
وومنزنیشنل سکل ٹریننگ انسٹی چیوٹ کا دورہ


پی آئی بی کی جانب سے تلنگانہ سیر پر گئے صحافیوں کے گروپ نے (NSTI)نیشنل سکل ٹریننگ انسٹی چیوٹ برائے خواتین کا بھی دورہ کیا، جہاں انسٹی چیوٹ کی ڈپٹی ڈائریکٹر شریمتی،ایس پریا نے صحافیوں کو ایک خصوصی پرزنٹیشن کے زریعے انسٹی چیوٹ کے کام کاج کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔یہاں یہ بات بے حد دلچسپ ہے کہ یہاں تربیت پانے والی صد فیصد خواتین تربیت سے فارغ ہوتے ہی مختلف کمپنیوں میں روز گار حاصل کرتی ہیں،اس طرح وہ با اختیار بن رہی ہیں ۔
اخبارسیاست کے دفتر کا دورہ


صحافیوں کے وفد نے حیدرآباد میں قائم اخبار سیاست کے دفتر کا دورہ کیا او ریہاں اخبار کے مدیر ،عامر علی خان سے خصوصی ملاقات کی ۔صحافیوں نے اردو زبان اور صحافت سے متعلق جانکاری حاصل کی ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے حال ہی میں نامزد کئے گئے، ایم ایل سی عامر علی خان نے جموں کشمیر کے صحافیوں کو اردو زبان اور اردو صحافت کو درپیش چیلنجز پر تفصیل کیساتھ روشنی ڈالی ۔
نیشنل انسٹی چیوٹ آف نیوٹریشن کا دورہ


صحافیوں کے وفد نے تارنکاحیدرآباد میں قائم نیشنل انسٹی چیوٹ آف نیوٹریشن ( این آئی )کابھی مشاہدہ کیا ۔اس ادارے کی بنیاد برطانوی دور حکومت کے دوران ڈاکٹر رابوٹ میکریسن نے یہ سوچ کا ڈالی تھی کہ کس طرح ہم بچوں کی صحت اور تندرستی بہتر کھانے پینے سے رکھ سکتے ہیں ۔اس ادارے میں کھانے پینے کی چیزوں کی تحقیقات کی جاتی ہے ،تاکہ ملک میں مختلف بیماریوں کا بہتر کھانے پینے سے پوری طرح سے خاتمہ کیا جاسکے۔ یہ ادارہ قومی صحت مشن کے تحت سالانہ قومی سطح کے مختلف پروگرم منعقد کرتا ہے تاکہ ملک کے لوگ کھانے پینے کے طور طریقوں سے باخبر ہوں اورمضر صحت کھانوں سے پرہیز کرسکیں۔
مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے خصوصی ملاقات


جموں وکشمیر کے صحافیوں کے گروپ نے اپنے دورے کے دوران حیدر آباد میں کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے خصوصی ملاقات کی ۔اس ملاقات کے دوران کان کنی سے متعلق کئی امور کے علاوہ جموں وکشمیر کی سیاسی وسیکیورٹی صورتحال پر تبالہ خیال کیا گیا ۔مرکزی وزیر نے جہاں حکومت ہند کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات پر بات کی ،وہیں انہوں نے جموں وکشمیر میں نو منتخب حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی سرکار جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے وعدہ بند ہے ۔
رامو جی فلم سٹی کی سیر


دورے کے اختتام پر صحافیوں کے گروپ نے تلنگانہ میں موجود رامو جی فلم سٹی کا دورہ کیا ۔16.66ایکڑ اراضی پر پھیلی ،اس فلم سٹی کی بنیاد رامو جی راو گروپ نے 1996میں ڈالی ہے ۔اس فلم سٹیمیں آج تک ہزاروں ہندی،تلگو،تامل اوردیگر زبانوںپر مشتمل فلمیں اور ڈرامے فلمائے گئے ہیں ،جہاں پر ڈرامہ یافلم عکس بندی کے لئے درکار تمام تر ضروریات موجود ہیں۔سوریہ ونشم ،باہو بلی اور ڈرٹی فلم جیسی فلموں کی عکس بندی یہاں فلمائی گئیں اور مہا بھارت جیسے مشہور ٹی وی ڈرامہ کو بھی اسی فلم سٹی میں فلمایا گیا ہے ۔اس فلم سٹی میں ائرپورٹ،ریل گاڑی،قید خانہ ،مندر،مسجد ،گردووارہ ،چرچ،ہوا محل ،راج محل ،آبشار ،پھولوں کے خوبصورت باغ اور ہوٹل تعمیر کئے گئے ہیں ۔ اس فلم سٹی میں یورپ کی طرز پر ایک علاقہ تعمیر کیا گیا ہے، جہاں دیکھنے والے کو یہ احساس ہوتا ہے کہ ہم بھارت میں نہیں بلکہ یورپ کے کسی شہر میں گھوم رہے ہیں۔اگر یو ں کہا جائے کہ یہ فلم سٹی دنیا کا آٹھواں عجوبہ ہے، تو بے جا نہ ہوگا۔اس فلم سٹی میں شری راما جی راو کا اپنا ذاتی محل بھی ہے اور اپنی ٹیلی ویثرن چینل ای ٹی وی بھارت کا دفتر بھی قائم ہے۔فلمی دنیا کے لوگوں اور اداکاروں کے لئے یہاں ایک پانچ ستارہ ہوٹل بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ صحافیوں کے اس وفد نے آخر پرنوابوں کے شہر حیدرآباد میں موجود تواریخی چار مینار،مکہ مسجد اور گولکنڈہ قلعہ کا بھی دورہ کیا ۔جہاں روزانہ لاکھوں کی تعداد میں سیاح سیر کے لئے آتے ہیں اور اسطرح ملک کے اس توریخی شہر کی سیر کرتے ہیں اور ملک کی صدیوں پُرانی تاریخ بہ چشم خود مشاہدہ کرتے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img