وادیٔ کشمیر کے نامور براڈ کاسٹر، قلم کار، ادیب، مصنف اور شاعر عبدالاحد فرہاد جموں میں اچانک انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی ادبی، صحافتی اور ثقافتی حلقوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔
عبدالاحد فرہاد ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے براڈ کاسٹنگ اور ادب کے میدان میں اپنی منفرد پہچان قائم کی۔ ان کی تحریر میں فکری گہرائی اور گفتگو میں تہذیبی وقار نمایاں تھا، جس نے انہیں ہم عصروں میں ممتاز مقام عطا کیا۔
ادارہ ایشین میل کے لیے بھی فرہاد صاحب کا انتقال ایک ناقابلِ تلافی صدمہ ہے۔ انہوں نے ادارے کے ملٹی میڈیا پلیٹ فارم سے ”بزمِ عرفان“ جیسے ادبی پروگرام کی میزبانی کی، جس کے ذریعے نہ صرف ادب کو فروغ ملا بلکہ کئی گمنام شعرا اور اہلِ قلم کو عوامی سطح پر پہچان ملی۔
مرحوم کی میت جموں سے سرینگر پہنچ چکی ہے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج شام چار بج کر 15 منٹ پر صورہ، سرینگر میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد تدفین عمل میں آئے گی۔
ادبی دنیا ایک سنجیدہ، باوقار اور خلوص سے بھرپور آواز سے محروم ہو گئی ہے۔





