سری نگر: وسطی ضلع گاندربل کے گگن گیر سونہ مرگ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی جانچ پڑتال باریک بینی سے شروع کی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس سربراہ کے ہمراہ جائے وقوع کا دورہ کیا ۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس سربراہ نالین پربھات ، اے ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر وجے کمار اور آئی جی کشمیر وی کے بردری کے ہمراہ گگن گیر کا دورہ کیا ۔
ذرائع کے مطابق ایل جی منوج سنہا کو پولیس کے سینئر عہدیداروں نے ملوثین کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس کے سینئر آفیسران کو ہدایت دی کہ ملوث دہشت گردوں کو جلدازجلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
بتادیں کہ اتوار کی شام گگن گیر سونہ مرگ میں دہشت گردوں نے ٹنل ورکروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں مقامی ڈاکٹر سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے تھے۔