سرینگر/دہلی کی ایک عدالت نے فنڈنگ کیس کے معاملے میں رکن پارلیمنٹ برائے بارہمولہ شیخ عبدالرشید عرفہ انجینئر رشید کی عبوری ضمانت میں 28 اکتوبر تک توسیع کی ہے۔دہلی کی پٹیالہ عدالت نے فنڈس کیس میں عبوری ضمانت پر رہا رکن پارلیمنٹ برائے بارہمولہ انجینئر رشید کی عبوری ضمانت میں 28اکتوبر تک توسیع کر دی ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے انجینئر رشید کے والد کی صحت کی حالت کی بنیاد پر یہ حکم سنایا۔ جب قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے کہا کہ اس نے دستاویزات کی تصدیق کی ہے اور وہ درخواست کی مخالفت نہیں کر رہی ہے۔جج نے کیس میں انجینئر رشید کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر حکم بھی 28 اکتوبر تک موخر کر دیا۔ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ آخری موقع تھا جب ان کے موکل نے توسیع کی درخواست کی تھی۔وکیل نے کہا کہ این آئی اے نے ان کے مو¿کل کی طرف سے کسی بھی شرط کی خلاف ورزی کا الزام نہیں لگایا۔خیال رہے کہ ملی ٹنسی فنڈنگ کیس کے معاملے میں انجینئر رشید پانچ سال سے زائد عرصہ تک دہلی کے تہاڑ جیل میں بند رہنے کے بعد جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹی کیلئے انتخابی مہم چلانے کیلئے عبوری ضمانت پر رہا کئے گئے تھے جس کے بعد اس کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی ۔