دبئی:سوزی بیٹس (28)، بروک ہالیڈے (22) کی شاندار اننگز اور امیلیا کیر (تین وکٹ) اور ایڈن کارسن (دو وکٹ) کی مہلک گیند بازی کے بعد نیوزی لینڈ نے خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پیر کو 19ویں میچ میں پاکستان کو 54 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔
آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم جس طرح 111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 11.4 اوورز میں 56 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی وہ اپنے آپ میں حیران کن تھی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کے دوران کئی کیچز چھوڑے اور پھر ہچکچاتے ہوئے بیٹنگ کے لیے باہر آئے۔ میچ کے دوران ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی نئی ٹیم پہلی بار کرکٹ کھیل رہی ہو۔ منیبہ علی (15) اور کپتان فاطمہ ثنا (21) کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز ڈبل فیگرز تک نہیں پہنچ سکا۔ پانچ بلے بازوں کا اسکور صفر تھا۔ چار بلے باز نو، تین، دو اور دو رنز پر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جھولی میں چار وکٹیں صرف چار رنز کے اضافہ کے بعد ڈال دیے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے امیلیا کیر نے 2.4 اوورز میں 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈن کارسن نے تین اوورز میں سات رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ روزمیری میئر، لیا تاہوہو اور فران جونز نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی ڈیوائن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سوزی بیٹس اور جارجیا پالمر کی اوپننگ جوڑی نے نیوزی لینڈ کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے 41 رنز جوڑے۔ نشرہ سندھو نے ساتویں اوور میں جارجیا پالیمار (17) کو آؤٹ کرکے اس جوڑی کو توڑا اور پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد سندھو نے نویں اوور میں سوزی بیٹس (28) کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو بڑا جھٹکا دیا۔ امیلیا کیر (نو) کو عمیمہ نے آؤٹ کیا۔ کپتان سوفی ڈیوائن اور بروک ہالیڈے نے سست اور جارحانہ اننگز کھیلی۔ بروک ہالیڈے (22) کو سندھو نے آؤٹ کیا۔ سوفی ڈیوائن (19) سعدیہ اقبال کا نشانہ بنیں۔ میڈی گرین (نو) کو ندا ڈار نے آؤٹ کیا۔ اگرچہ اس دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی کیچز گرائے لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 110 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال، ندا ڈار، عمائمہ سہیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔





