جموں: جموں و کشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے پانچ ممبران اسمبلی کی نامزدگی کے متنازعہ معاملے سے متعلق ایک عرضی پر آج سپریم کورٹ آف انڈیا سماعت کررہی ہے۔ ذرائع نے نیوز ایجنسی کشمیر نیوز ٹرسٹ کو بتایا کہ سابق ایم ایل سی اور سینئر کانگریس لیڈر رویندر شرما کی طرف سے دائر درخواست پر سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک مانو سنگھوی بحث کریں گے۔
پانچ ممبران اسمبلی کی نامزدگی کے معاملے نے تنازعے کو جنم دیا ہے، کانگریس پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کا یہ اقدام جمہوریت اور آئین کے بنیادی اصول پر حملہ ہے۔جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن ایکٹ(2019) ،لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ خواتین کی نمائندگی کے لیے قانون ساز اسمبلی میں دو اراکین کو نامزد کر سکےں گے، جب کہ 2023 میں ایک ترمیم کے ذریعے مزید تین نامزد اراکین شامل کیے گئے ۔جن میں دو کشمیری پنڈت اور ایک نمائندہ پاکستان کے زیر کنٹرول جموں اور کشمیرسے تعلق رکھتا ہے ،شامل ہے ۔
رویندر شرما کی عرضی جموں و کشمیر میں حکومت سازی سے قبل اراکین کو نامزد کرنے کے لیفٹیننٹ گورنر کے اختیار کو چیلنج کرتی ہے، یہ دلیل دیتے ہوئے کہ اس سے اسمبلی میں طاقت کا توازن غیر منصفانہ طور پر بدل جائے گا۔ کانگریس پارٹی نے اس نامزدگی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بقول انکے جمہوری اصولوں کے منافی ہے ۔ واضح رہے کہ رویندر شرما کانگریس کے سابق لیڈر مدن لال شرما کے بیٹے ہیں۔(کے این ٹی)