سری نگر: پی ڈی پی کے یوتھ لیڈر اور پلوامہ نشست کے امید وار وحید پرہ کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن جموں وکشمیر کے لوگوں سے چھینے گئے حقوق کو واپس لانے کا ایک اچھا موقع ہے۔
انہوں نے بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نگاروں کو بتایا: ‘میرے خیال میں آج کی ووٹنگ کشمیریوں کے لئے خود کو بچانے کا ایک عمل ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہ ایک موقع ہے ان چیزوں اور حقوق کو واپس لانے کا جو جموں وکشمیر کے لوگوں سے چھینے گئے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘اسی عمل سے ہم اپنے حقوق کو بحال کرسکتے ہیں اسی عمل سے ہم اپنے جمہوری اور آئینی حقوق کو بحال کرسکتے ہیں جو ہم سے چھینے گئے ہیں’۔
پرہ نے کہا کہ ان انتخابات میں لوگوں کی بھاری شمولیت متوقع ہے کیونکہ لوگ جمہوری عمل میں شرکت کی اہمیت سمجھ چکے ہیں۔
بتادیں کہ وحید پرہ سری نگر لوک سبھا نشست کے لئے پی ڈی پی کی طرف سے امید وار تھے تاہم انہیں نیشنل کانفرنس کے امید وار آغا روح اللہ نے ہرا دیا۔
یو این آئی