7اضلاع کے40حلقوں میں یکم اکتوبر کو ہوگی پولنگ
12 ستمبرکاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ،13ستمبرجانچ پڑتال،17ستمبر امیدواری کی واپسی
سری نگر : الیکشن کمیشن آف انڈیانے جمعرات کو جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات2024 کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا۔جے کے این ایس کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI)کی جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، ادھم پور، کٹھوعہ، سانبہ اور جموں کے اضلاع میں کل 40 اسمبلی حلقوں میں اسمبلی انتخابات2024 کے تیسرے اور آخری مرحلے میں پولنگ ہوگی۔کشمیر ڈویڑن میں 16 اسمبلی حلقے جن میں کرناہ ،ترہگام، کپوارہ،لولاب، ہندواڑہ، لنگیٹ، سوپور، رفیع آباد، اوڑی ،بارہمولہ، گلمرگ، واگورہ کریری،پٹن، سونہ واری، بانڈی پورہ اور گریز (ایس ٹی)شامل ہیں ۔جموں ڈویڑن میں24 اسمبلی حلقے جن میںاودھم پور ویسٹ،ا ±ودھم پور ایسٹ،چنانی،رام نگر (ایس سی)، بنی، بلور،بسوہلی، جسروٹا،کٹھوا (ایس سی)، ہیرا نگر، رام گڑھ (ایس سی)،سامبا، وجے پور،بشناہ (ایس سی)،سوچیت گڑھ (ایس سی)، آر ایس پورہ جموں جنوبی، باہو، جموں مشرقی، نگروٹا، جموں ویسٹ، جموں شمالی، مڑھ (ایس سی)، اکھنور (ایس سی) اور چھمب میں انتخابی عمل کے تیسرے مرحلے میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیاکی نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ12 ستمبر 2024 (جمعرات) ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 ستمبر 2024 (جمعہ) کو ہوگی اور امیدواری واپس لینے کی آخری تاریخ 17 ستمبر 2024 (منگل) ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ ان40 اسمبلی حلقوں کے لیے پولنگ کا دن یکم اکتوبر 2024 (منگل) کو مقرر کیا گیا ہے اور پولنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ18 ستمبر اور دوسرے مرحلے کے لیے 25 ستمبر کو ہوگی۔ گنتی کی تاریخ 8 اکتوبر ہے۔قابل ذکر ہے کہ پہلے مرحلے میں 24حلقوں میں ہونے والی ووٹنگ کیلئے کل219اُمیدوار میدان میں ہیں جبکہ25ستمبر کو دوسرے مرحلے میں 26سیٹوں کیلئے ہونے والی پولنگ کیلئے اُمیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی آخری تاریخ5ستمبر 2024تھی ۔