منگل, فروری ۱۷, ۲۰۲۶
11.7 C
Srinagar

جموں و کشمیر میں 17.27 لاکھ کنال سرکاری اراضی پر قبضہ، حکومت کا انکشاف

جموں،:جموں و کشمیر اسمبلی کو منگل کے روز مطلع کیا گیا کہ مرکز کے زیر انتظام خطے میں مجموعی طور پر 17 لاکھ 27 ہزار کنال سے زائد سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کیا گیا تھا، جن میں سے اب تک 14 لاکھ 29 ہزار کنال سے زیادہ اراضی بازیاب کرلی گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار محکمہ مال کی جانب سے ایم ایل اے شم لال شرما کے سوال کے جواب میں پیش کیے گئے۔

ایوان کو بتایا گیا کہ کشمیر ڈویژن میں 3,27,198.50 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کیا گیا تھا، جن میں سے 2,16,912.98 کنال حکومت نے مختلف مراحل میں واگزار کرا لی ہے۔ سرکاری دعوے کے مطابق، ڈویژن میں باقی ماندہ اراضی کی نشاندہی کی جاچکی ہے اور اس کی بازیابی کے لیے متعلقہ اضلاع میں مہم جاری ہے۔

وہیں جموں صوبے میں صورتحال کہیں زیادہ سنگین پائی گئی۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ کے مطابق، یہاں 14,00,049.66 کنال سرکاری زمین پر قبضہ ریکارڈ ہوا، جن میں سے 12,12,287.44 کنال اب تک واپس لے لی گئی ہے۔ محکمہ نے ایوان کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ باقی اراضی کی جلد بازیابی کے لیے کارروائیاں تیز کر رہی ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، مجموعی طور پر جموں و کشمیر میں 17,27,248.16 کنال اراضی پر ناجائز قبضہ کیا گیا تھا، جبکہ 14,29,200.42 کنال سرکاری اراضی کو بحال کرکے دوبارہ حکومتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ متعلقہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یوٹی میں انسداد تجاوزات مہم آئندہ ہفتوں میں مزید سخت کی جائے گی تاکہ بچی ہوئی زمین بھی بازیاب کی جاسکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img