منگل, فروری ۱۷, ۲۰۲۶
11.7 C
Srinagar

جموں و کشمیر میں معذور افراد کے حقوق ایکٹ پر مکمل عملدرآمد جاری، پنشن میں 25 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور:سرکار

جموں،: جموں و کشمیر سرکار نے اسمبلی میں بتایا ہے کہ ’معذور افراد کے حقوق‘ ایکٹ 2016 پر مرکزی زیر انتظام علاقے میں مکمل طور پر عملدرآمد جاری ہے اور اس سلسلے میں قوانین، اسکیمیں اور ادارہ جاتی ڈھانچے باقاعدہ فعال کر دیے گئے ہیں۔
ایوان کو جواب دیتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود نے بتایا کہ ایکٹ کے نفاذ کے بعد حکومت نے رولز 2021 کو 15 مارچ 2021 کو ایس او 91 کے تحت نوٹیفائی کیا، جن کا مقصد معذور افراد کے حقوق، سہولیات، شکایتی نظام، رسائی پذیری اور دیگر قانونی تقاضوں کو مقامی سطح پر نافذ کرنا ہے۔
محکمہ نے بتایا کہ سماجی بہبود ڈپارٹمنٹ یوٹی میں معذور افراد کے لیے نوڈل اتھارٹی کی حیثیت رکھتا ہے اور مختلف اسکیموں کے تحت اہل افراد کو وہیل چیئر، کرچز، ہیئرنگ ایڈز اور موٹرائزڈ ٹرائی سائیکلز جیسی ضروری معاون سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا گیا کہ موجودہ وقت میں معذوری پنشن کی شرح محکمہ سماجی بہبود کے آرڈر نمبر -مورخہ 3 اپریل 2025 کے تحت اس طرح فراہم کی جارہی ہے:60 سال سے کم عمر مستفیدین کو 1250 روپے ماہانہ،60 تا 79 سال عمر کے افراد کو 1500 روپے ماہانہ اور 80 سال سے زائد عمر والے معذور افراد کو 2000 روپے ماہانہ ادا کیے جارہے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ شرحیں نیشنل سوشل اسسٹنس پروگرام اور انٹیگریٹڈ سوشل سکیورٹی اسکیم کے معیار کے مطابق ہیں۔ تاہم محکمہ نے اعتراف کیا کہ معذوری پنشن میں 25 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے، تاکہ اسے دیگر زمروں کے مساوی بنایا جاسکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img