جمعہ, ستمبر ۲۰, ۲۰۲۴
19.4 C
Srinagar

ٹیکنالوجی کی منتقلی کی کوششوں کو تیز کرے :اَتل ڈولو

نئے کورسز متعارف کرنے کیلئے این آئی ایف ٹی پر زور

سری نگر/چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (این آئی ایف ٹی) سری نگر سے کہا کہ وہ لیبارٹری سے نچلی سطح تک ٹیکنالوجی کی منتقلی کی کوششوں کو تیز کرے۔اَتل ڈولو نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں این آئی ایف ٹی کی سٹیٹ لیول ایڈوائزری کمیٹی (ایس ایل اے سی) کے چوتھی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دستکاری اور ٹیکنالوجی کے امتزاج سے نئے مواقع ، توسیع شدہ مارکیٹوں اور تخلیقی عمل کی راہ ہموار ہوگی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ این آئی ایف ٹی اور کرافٹ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (سی ڈِی آئی) سری نگر کو صلاحیت سازی اور ماسٹر ٹرینروں کی تربیت کے لئے ایک جامع فریم ورک تیار کرنا چاہیے جو بعد میں مقامی کاریگروں کو تربیت دیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ این آئی ایف ٹی کو نمدہ، قالین، کریول ورک جیسے فن پاروں کے لئے نئے ڈیزائن متعارف کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے اور جدید ترین تکنیکی مداخلتوں کو متعارف کرنے سے مارکیٹنگ میں بھی مدد کرنی چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے علاقائی دستکاری میں اَنٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی جس کے لئے سری نگر کو ورلڈ کرافٹ سٹی کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔اَتل ڈولو نے این آئی ایف ٹی میں دستیاب وسائل اور بنیادی ڈھانچے کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ مزید کورسز متعارف کرنے کی ضرورت ہے جس سے ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، پیپر ماشی کے علاوہ دیگر شعبوں میں مقامی دستکاریوں کے فروغ اور بحالی میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے کہا کہ این آئی ایف ٹی کو کرافٹ ہب بننا چاہئے اور وادی کا دورہ کرنے والے ہر شخص کو کیمپس کا دورہ کرنے کے لئے اپنی ترجیحی فہرست میں شامل کرنا چاہئے۔ دورانِ میٹنگ ڈائریکٹر این آئی ایف ٹی سری نگر نے ایجنڈا آئٹم پر مختصر پرزنٹیشن پیش کی جس میں کیمپس کی تعلیمی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اُنہوں نے کہا کہ این آئی ایف ٹی ہینڈ لوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کے ڈیزائن کی ترقی اور پوزیشننگ کے شعبے میں حکومت جموں و کشمیرکو علمی خدمات فراہم کرنے والے کے طور پر کام کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں ڈیزائن میں تنوع، کرافٹ پیکیجنگ، کرافٹ جی آئی رجسٹریشن وغیرہ کے شعبوں میں متعدد پروگرام اور مشاورتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل ( بذریعہ وِی سی)، پرنسپل سیکرٹری خزانہ ، کمشنرسیکرٹری صنعت و حرفت، ڈائریکٹر جنرل این آئی ایف ٹی نئی دہلی (بذریعہ وِی سی)، منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر سیڈکو ،ڈائریکٹر این آئی ایف ٹی سری نگر ،ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ اور این آئی ایف ٹی سری نگر کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img