مانیٹرنگ ڈیسک
پاکستان کے دفتر خارجہ کی خاتون ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دعوت نامہ بھجوایا ہے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کرتے ہوئے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے کی مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے بھجوائے گئے ہیں۔
پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے تصدیق کی کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی دعوت نامہ بھجوایا گیا ہے، ہمیں کچھ ممالک سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق بھی موصول ہوئی ہے۔ترجمان کے مطابق وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا کہ کس کس ملک نے تصدیق کی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کا اجلاس ستمبر میں پاکستان میں ہوگا۔
ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بھارت کی براہ راست دوطرفہ تجارت نہیں ہے، تاہم اگر کوئی یک طرفہ درآمدات کرتا ہے تو وہ ممکن ہے، اس حوالے سے آپ وزرات تجارت سے رابطہ کریں۔