اتوار, اگست ۳۱, ۲۰۲۵
18.2 C
Srinagar

جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات : پہلے مرحلے کیلئے نوٹیفکیشن آج جاری ہوگا

حتمی انتخابی فہرستیں بھی شائع ہونگے ، ووٹران کی تعداد 9 ملین کے قریب ہو گی
ووٹران میں 44.46 لاکھ مرد ،42.62 لاکھ خواتین ،82590 معذور اور 73943 بزرگ شہری شامل
بیس لاکھ سے زیادہ ووٹران نوجوان ہیں جن کی عمریں 20سے 29سال کے درمیان ہیں

سرینگر/جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کیلئے آج یعنی 20اگست کو پہلے مرحلے کی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی مرکزی زیر انتظام علاقے کی حتمی انتخابی فہرستیں بھی شائع کی جائیں گی اور رائے دہندوں کی تعداد نو ملین کے قریب ہونے کی امید ہے۔سی این آئی کے مطابق چیف الکٹوریل آفیسر جموں کشمیر کی جانب سے آج یعنی 20اگست کو اسمبلی انتخابات کیلئے حتمی انتخابی فہرستیں بھی شائع کی جائیں گی ۔ ووٹر لسٹوں کی آخری نظر ثانی کے مطابق جموں و کشمیر میں 87.09 لاکھ ووٹر ہیں۔ 20 اگست کو حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے بعد رائے دہندگان کی تعداد 88 لاکھ سے 89 لاکھ کے درمیان یعنی 9 ملین کے قریب ہونے کی توقع ہے ۔ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے ساتھ ہی خصوصی خلاصہ نظر ثانی کی تازہ ترین مشق ختم ہو جائے گی۔ اسمبلی حلقہ وار ووٹر لسٹیں بھی شائع کی جائیں گی اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ امیدواروں کو بھی ان تک رسائی حاصل ہوگی۔اس ضمن میں عہدیداروں نے کہا”علاقوں اور ووٹر کی تعداد کے ساتھ فہرستیں اس بار زیادہ اہمیت کی حامل ہوں گی کیونکہ حلقہ بندیوں کے کمیشن کی جانب سے اسمبلی سیٹوں کی تعداد 83 سے بڑھ کر 90 کرنے کے بعد کئی اسمبلی حلقوں کی حدود کو تبدیل کیا گیا ہے۔“جموں کشمیر میں اس وقت 87.09 لاکھ ووٹروں میں سے 44.46 لاکھ مرد اور 42.62 لاکھ خواتین ہیں۔اس کے علاوہ، 169 ٹرانس جینڈر، 82590 معذور افراد ،73943 بہت بزرگ شہری، 2660 صد سالہ، 76092 سروس الیکٹر اور 3.71 لاکھ پہلی بار ووٹران ہیں۔بیس لاکھ سے زیادہ ووٹران نوجوان ہیں جن کی عمریں 20سے 29سال کے درمیان ہیں۔جموں و کشمیر میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 11,838 ہے جن میں شہری علاقوں میں 2332 اور دیہی علاقوں میں 9506 ہیں۔فی پولنگ سٹیشن اوسط ووٹرز 735 ہیں۔جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے پہلا نوٹیفکیشن 20 اگست یعنی آج 24 حلقوں کیلئے جاری کیا جائے گا۔امیدوار 27 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی۔امیدوار 30 اگست کو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ پہلے مرحلے کے اسمبلی حلقوں کے لیے ووٹنگ 18 ستمبر کو ہوگی۔دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 25 ستمبر کو کل 26 اسمبلی حلقوں کے لیے مقرر ہے جبکہ تیسرے مرحلے کی پولنگ 40 سیٹوں کے لیے یکم اکتوبر کو ہوگی۔بڑی سیاسی جماعتیں جن میں بی جے پی، نیشنل کانفرنس، کانگریس، پی ڈی پی، جموں و کشمیر اپنی پارٹی، پیپلز کانفرنس، بہوجن سماج پارٹی اور دیگر شامل ہیں، توقع ہے کہ اگلے تین سے چار دنوں میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے امیدواروں کا اعلان کریں گے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img