سری نگر،: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر جمعہ کو زائد از دو ماہ بعد ٹریفک کی دو طرفہ نقل حمل بحال ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ مغل شاہراہ پر جمعہ کی صبح ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل بحال کر دی گئی۔بتادیں کہ مغل روڈ کو ماہ جنوری کے پہلے ہفتے ہونے والی بھاری برف باری کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ مغل روڈ پر چھوٹی گاڑیوں کی دو طرفہ نقل و حمل کی اجازت دی گئی ہے اور ان کے چلنے کا وقت صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے مقررہ وقت پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں۔
مسافروں سے بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ محکمہ ٹریفک کی ایڈوائزیز کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔
دریں اثنا وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔





