نظہت مشتاق
سری نگر: امرناتھ یاترا نے اس سال پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، صرف چھ دنوں میں 1.30 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے مقدس گپھا کے درشن کئے ،جہاں برفیلی شیولنگم ہے۔یاتریوں میں یہ اضافہ اس مذہبی سفر کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اہمیت کا ثبوت ہے۔ جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس بیس کیمپ سے آج صبح 6,919 یاتریوں کا تازہ قافلہ بالتل سونہ مرگ اور ننون-پہلگام کے جڑواں بیس کیمپوں کی طرف اپنے سفر پر روانہ ہوا۔ یاتریوں کی حفاظت کے لئے ایک مضبوط سیکورٹی حصار ہے۔
امرناتھ یاترا، ہندئوں کے لیے ایک اہم مذہبی یاترا ہے۔ اس سال ریکارڈ توڑنے والی تعداد یاترا کے تئیں بڑھتی ہوئی رسائی اور بہتر انفراسٹرکچر کو نمایاں کرتی ہے، جس کی وجہ سے یاتریوں کے لیےیہ سفر آسان ہو گیا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، 2023 میں امرناتھ یاترا 10 ویں دن ایک لاکھ کا ہندسہ عبور کر گئی تھی، جب کہ 2022 میں اس میں نو دن لگے۔دریں اثنا، انتظامیہ نے یاترا کے پرامن انعقاد کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ پولیس، سنٹرل ریزرو پولیس فورس، انڈو تبت بارڈر پولیس اور دیگر نیم فوجی دستوں کے سیکورٹی اہلکاروں کو دونوں روایتی راستوں پر تعینات کیا گیا ہے، جب کہ فوج فضائیہ کے ساتھ ہمہ جہت فضائی نگرانی فراہم کر کے مجموعی سیکورٹی کی نگرانی کر رہی ہے۔
مختلف غیر سرکاری تنظیموں نے بیس کیمپوں اوراس کے گرد ونواح میں گھپا تک یاتریوں کی خدمت کے لیے 125 سے زیادہ مفت لنگر قائم کیے ہیں۔
52 دن طویل امرناتھ جی یاترا اس سال 19 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔