مانیٹرنگ ڈیسک
انڈونیشیا میں 36 سالہ ایک خاتون کو اژدھے نے نگل لیا جس کے باعث ان کی موت ہو گئی ہے۔پولیس کے مطابق سریاتی نامی خاتون دو روز قبل اپنے بچے کے لیے دوا خریدنے گھر سے نکلیں تاہم اس کے بعد وہ لوٹ کر واپس نہ آ سکیں۔سریاتی کے شوہر اڈیانسا کو سولاویسی صوبے میں واقع گاؤں میں اپنے گھر سے تقریباً 500 میٹر کے فاصلے پر بیوی کے جوتے اور کپڑے ملے، جس کے بعد انھوں نے فوری طور پرحکام کو آگاہ کیا۔
بی بی سی انڈونیشیا سے بات کرتے ہوئے پولیس چیف نے بتایا کہ سریاتی کے شوہر نے غیر معمولی طور پر پھولے ہوئے پیٹ والے اژدھے کو دیکھا اور اپنی بیوی کی باقیات کی تلاش کے لیے پہلے اژدھے کا سر اور پھر اس کا پیٹ کاٹ دیا۔واضح رہے کہ انڈونیشیا میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس نوعیت کا یہ دوسرا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
اس سے قبل جون کے آغاز میں سولاویسی کے ایک اور ضلع میں ایک خاتون کو پانچ میٹر لمبے اژدھے نے نگل لیا تھا۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے مقامی افراد کوخبردار کیا تھا کہ ایسے دیگر حادثات بھی ہو سکتے ہیں لہذا اپنے بچاؤ کے لیے ہر وقت چاقو ساتھ رکھا جائے۔پولیس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے میں تنہا سفر نہ کریں۔
جنگلات کی کٹائی اور جانوروں کے حملے
ماہرین ماحولیات ایسے جان لیوا حملوں کا تعلق جنگلات کی کٹائی سے جوڑتے ہیں۔سولاویسی انوائرمینٹل انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد الامین نے بی بی سی کو بتایا کہ اس علاقے میں کان کنی اور باغات بنانے کے لیے جنگلات کا صفایا اور زمین ہموار کرنے کا رجحان کافی حد تک بڑھ رہا ہے۔
’جنگلات کی کٹائی کے نتیجے میں جانوروں کی خوراک ختم ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے، جس کے باعث وہ خوراک کے حصول کے لیے رہائشی علاقوں میں شکار کر سکتے ہیں اور براہ راست انسانوں پر بھی حملہ آور ہو سکتے ہیں۔‘سانپوں کی خوراک کا اہم حصہ جنگلی سؤر ہوتے ہیں تاہم ان کی تعداد میں بھی تیزی سے کمی آ رہی ہے۔
بشکریہ: بی بی سی اردو