نیٹ کے معاملے پر راجیہ سبھا میں زور دار ہنگامہ

نیٹ کے معاملے پر راجیہ سبھا میں زور دار ہنگامہ

نئی دہلی،:  کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے جمعہ کے روز راجیہ سبھا میں میڈیکل ایجوکیشن کے لئے قومی اہلیت و داخلہ ٹیسٹ (نیٹ) کا پیپر لیک ہونے کے معاملے پر زبردست ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے صبح ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ایوان کے دو ارکان سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو اور ایوان کے نائب چیئرمین ہری ونش کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اس کے بعد ایوان کے سابق ارکان ڈاکٹر رام پرکاش، سشیل کمار مودی، فالی ایس نریمن اور مرلی دھر چندرکانت بھنڈارے کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس کے بعد جب چیئرمین نے ضروری دستاویزات ایوان کی میز پر رکھنے کا عمل شروع کیا تو کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی شروع کردی اور نشست کی طرف بڑھنے لگے۔ قبل ازیں، چیئرمین نے کہا کہ انہیں NEET امتحان میں پیپر لیک ہونے کے معاملے پر قاعدہ 267 کے تحت 22 نوٹس موصول ہوئے ہیں، جنہیں حالات کو دیکھتے ہوئے مسترد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے خطاب میں اس مسئلہ کا ذکر کیا گیا ہے اور ارکان اس پر تفصیل سے بات کر سکتے ہیں۔

اس پر کانگریس کے شکتی سنگھ گوہل، پرمود تیواری اور اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے اپنے خیالات پیش کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں اجازت نہیں دی گئی۔اس کے بعد چیئرمین نے صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث شروع کرنے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سدھانشو ترویدی کا نام بلایا اور انہوں نے بحث شروع کرنے کی کوشش کی۔

اس دوران کانگریس، ترنمول کانگریس اور دیگر ارکان نعرے لگاتے ہوئے پوڈیم کے سامنے آگئے۔ چیئرمین نے کہا کہ وہ نشست صدر کے سامنے آنے والے اراکین کو نشان زد کریں گے۔ لیکن نعرے بازی کرنے والے ارکان پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا اور انہوں نے ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.